فیصل آباد۔ 03 جولائی (اے پی پی):محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کو مولی کی اگیتی کاشت وسط جولائی سے شروع کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہاہے کہ کاشتکار مولی کی اگیتی کاشت وسط جولائی سے شروع کرکے وسط اگست تک مکمل کر لیں تاکہ اس کی بہتر پیداوار حاصل ہو سکے۔ انہوں نے بتایاکہ مولی موسم سرما کی فصلوں میں بہت ہی اہم اور مقبول سبزی ہے جسے ہر عمر کے افراد یکساں پسند کرتے ہیں۔
محکمہ زراعت توسیع فیصل آباد کے ترجمان نے کہاکہ مولی کو سلاد کے علاوہ مختلف سبزیوں کے ساتھ پکا کر بطور سالن بھی استعمال کیاجاتاہے۔ انہوں نے بتایاکہ مولی کی 40 یوم والی قسم بہترین پیداوار دیتی ہے۔ انہوں نے بتایاکہ جہاں یہ مولی 40روز میں تیار ہو جاتی ہے وہیں یہ کھانے میں خستہ ہونے کے علاوہ کڑواہٹ میں بھی کم ہوتی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ایک ایکڑ رقبہ پر مولی کی کاشت کیلئے 3کلوگرام بیج کافی ہوتاہے۔ انہوں نے کہاکہ مزید معلومات کیلئے ماہرین زراعت یا محکمہ زراعت کے فیلڈسٹاف سے بھی رابطہ کیاجاسکتاہے۔