ایک روز میں 177 صارفین بجلی چوری کرتے ہوئے پکڑے گئے،170افراد کے خلاف مقدمات کے لیے کارروائی

182
Crackdown against
Crackdown against

ملتان۔ 15 اگست (اے پی پی):چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکو انجینئر ناصر ایاز گرمانی کی زیر نگرانی بجلی چوروں اور نادہندہ صارفین کے خلاف جاری آپریشن میں ایک روز میں 177 صارفین مختلف طریقوں سے بجلی چوری کرتے ہوئے پکڑے گئے۔میپکو ترجمان کے مطابق بجلی چوروں کے خلاف ڈے اینڈ نائٹ چیکنگ 13 اگست کو کی گئی۔بجلی چوری کرنے والے 170 افراد کے خلاف مقدمات درج کروانے کے لئے درخواستیں بھیجی گئیں، 121 نئےمقدمات کا اندراج ہواجبکہ ایک روزمیں ایک کروڑ 31 لاکھ 10 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا ۔

چوک بہادر پور سب ڈویژن رحیم یار خان کی ٹیم نے ایک پرائیویٹ ہسپتال سمیت 6 مختلف مقامات پر بجلی چوری پکڑ لی۔ پرائیویٹ ہسپتال اور دیگر مقامات پر ڈائریکٹ لائنوں سے کنڈیاں ڈال کر بجلی چوری کر کے ہیوی لوڈ استعمال کیا جا رہا تھا ۔ میپکو سٹاف نے بجلی تنصیبات اتارکر قبضہ میں لے کر مقدمات درج کروانے کے لئے درخواستیں بھیج دیں گئیں۔رننگ اورڈیڈ ڈیفالٹرزکے خلاف آپریشن میں ایک روزمیں ساڑھے 5 کروڑ روپے واجبات وصول کئے گئے۔