کراچی۔ 28 مئی (اے پی پی):وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے خواتین کی صحت کے لیے اقدامات کے عالمی دن کے موقع پر کہا ہے کہ آج کا دن خواتین کو صحت سے جڑے مسائل کو اجاگر کرنے اور ان کے حل کے لیے موثر اقدامات کی ترغیب دیتا ہے۔بدھ کو وزیر اعلی ہائوس سے جاری اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ ایک صحت مند عورت ہی ایک صحت مند معاشرے کی بنیاد رکھ سکتی ہے، اسی لیے حکومت سندھ نے خواتین کی صحت کو بہتر بنانے کے لیے مختلف پروگرامز شروع کیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صوبے بھر میں زچہ و بچہ کی صحت کے لیے جامع پروگرام جاری ہے، جس کا مقصد ماں اور بچے کی زندگی کو محفوظ بنانا اور انہیں بنیادی طبی سہولیات فراہم کرنا ہے۔انہوں نے کہاکہ سندھ بھر میں 23,185 لیڈی ہیلتھ ورکرز تعینات کی گئی ہیں، جو خواتین کو گھر کی دہلیز پر صحت کی سہولیات مہیا کر رہی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ عالمی بینک کے تعاون سے ’’نیشنل ہیلتھ سپورٹ پروگرام سندھ‘‘ کامیابی سے جاری ہے، جس کا مرکزی مقصد ماں، بچہ اور خواتین کی بہتر نگہداشت کو یقینی بنانا ہے۔ وزیراعلی سندھ نے کہا کہ حکومت سندھ کے یہ اقدامات خواتین کی صحت، تحفظ اور فلاح کے حوالے سے ایک اہم سنگ میل ثابت ہو رہے ہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=602441