اسلام آباد۔9نومبر (اے پی پی):سابق فاسٹ باولر شعیب اختر نے اظہر علی کو ٹیسٹ کپتانی سے ہٹانے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اظہر علی کو ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی سے ہٹانا ناانصافی ہے‘ اظہر علی آنے والے ٹیسٹ میچوں میں بہترین کارکردگی سے واپسی کرے گا‘ ایک خراب کارکردگی پر انہیں نہیں ہٹانا چاہیے۔ اپنے یو ٹیوب چینل پر بات کرتے ہوئے شعیب اختر نے کہا کہ میں اس سے اتفاق کرتا ہوں کہ دورہ انگلینڈ کے دوران پاکستان بہتر پوزیشن پر ہونے کے باوجود مانچسٹر میں پہلا ٹیسٹ ہار گیا تھا۔ اظہر علی نے پہلے ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں غلطی کی تھی جس پر انہیں تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا لیکن ایک میچ میں بری کارکرد گی پر انہیں کپتانی سے نہیں ہٹانا چاہیے یہ غیر منصفانہ ہے۔ مجھے یقین ہے کہ آنے والے میچوں میں وہ سو فیصد کارکردگی دکھائے گا۔ شعیب اختر نے کہا کہ مایوسی ہوتی ہے کہ اس طرح کے حالات کا ہمیشہ کھلاڑی ہی سامنا کرتا ہے جبکہ مینجمنٹ وہی رہتی ہے۔ شعیب اختر نے کہا کہ ون ڈے اور ٹی ٹونٹی کے کپتان بابر اعظم دورہ نیوزی لینڈ کے لئے موجودہ ٹیسٹ کپتان اظہر علی کی جگہ لینے کے مضبو ط اور بہترین امیدوار ہیں۔بابر اعظم ایک کپتان کے طور پر تیار ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر بابر اعظم سمجھتے ہیں کہ اپنی بیٹنگ فارم کو دباو میں ڈالے بغیر تینوں فارمیٹ میں ٹیم کی کپتانی کر سکتے ہیں تو انہیں کپتان بنانا چاہیے ۔ بابر اعظم شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ واضح رہے کہ بابر اعظم کی 82 رنز کی اننگز نے زمبابوے کے خلاف پہلے ٹی 20 میچ میں پاکستان کو 6 وکٹوں سے فتح میں اہم کردار ادا کیا جبکہ انہوں نے دوسرے ٹی 20 میچ میں اپنے کیریئر کی تیز ترین نصف سنچری بھی سکور کی۔انہوں نے 28 گیندوں پر 58 رنز بنائے جس میں 8 چوکے اور ایک چھکا بھی شامل ہے۔ پاکستان نے زمبابوے کے خلاف تین میچوں کی ٹی ٹونٹی سیریز پہلے ہی 2-0 سے اپنے نام کرلی ہے۔