اسلام آباد۔10ستمبر (اے پی پی):وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ ایک پرچی پر پارٹی کی آدھی سربراہی رکھنے والے بلاول کی منتخب اور مقبول ترین لیڈر عمران خان کے خلاف تنقید کی کوئی اہمیت نہیں، پوری قوم جان چکی ہے کہ ماضی میں کیسے پیپلزپارٹی نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں اپنوں کے نام شامل کئے،
عمران خان کی ہدایات پر احساس کی چھتری تلے سماجی تحفظ کے 34پروگرام چل رہے ہیں،آج بلاول زرداری نے اعتراف کرلیا ہے کہ اس مالیاتی بحران کی بنیاد رکھنے والی پیپلز پارٹی ہی ہے۔
جمعہ کو بلاول بھٹو زرداری کے بیان پر اپنے ردعمل میں وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے پسے ہوئے طبقات کے لئے احساس پروگرام کا بجٹ بڑھا کر 260 ارب روپے کیا ہے،بی آئی ایس پی میں لاکھوں غیر مستحق لوگوں کو نکال کر میرٹ پر اہل لوگوں کو شامل کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ آج بھی سندھ میں مہنگائی باقی ملک کی نسبت سب سے ذیادہ ہے،بلاول صاحب، آخر کب تک سندھ کے عوام کو گرانفروشوں اور ذخیرہ اندوز مافیا کے رحم و کرم پر چھوڑے رکھیں گے؟سندھ میں اب بھی سرعام نوکریاں فروخت ہوتی ہیں اور جعلی ڈومیسائل کا دھندا عروج پر ہے. وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا کہ بلاول آپ فکر نہ کریں، وزیراعظم کو مکمل اعتماد حاصل ہے،بلاول خود تو سندھ حکومت جاری رکھنا چاہتے ہیں لیکن دوسروں کو پنجاب حکومت گرانے کا مشورہ دے رہے ہیں، یہ کیسے جمہوریت کے علمبردار ہیں ؟ ۔