اسلام آباد۔30اگست (اے پی پی):اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے سیکرٹری جنر ل اسد مجید خان اور صدر ای سی آئی سعد ایس خان نے اقتصادی تعاون تنظیم کےرکن ممالک کے درمیان اقتصادی و ثقافتی تعاون کے فروغ کیلئے مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں ہونے والی ایک ملاقات میں کیا۔ فریقین نے اداروں کے درمیان تعاون اور ہم آہنگی بڑھانے کیلئےحکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا۔
سعد خان نے بتایا کہ کلچرل انسٹی ٹیوٹ ای سی او کی سب سے قدیم خصوصی ایجنسی اور ثقافتی سرگرمیوں کیلئے ادارے کا اہم حصہ ہے۔ اس موقع پر انہوں نے ای سی او کے نئے سیکرٹری جنرل کو خوش آمدید کہا اور ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
واضح رہے کہ پاکستان ای سی او اور اس کی ثقافتی ایجنسی ای سی آئی کا بانی رکن ہے، ان دونوں تنظیموں کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ دونوں کی سربراہی پاکستانی سفارتکار کر رہے ہیں۔ اسدمجید امریکہ میں پاکستان کے سفیر کی حیثیت سے خدمات سرانجام دے چکے ہیں جبکہ سعد خان ایک سینئر بیورو کریٹ اور بین الاقوامی تعلقات کے ماہر اور ایک معروف مؤرخ ہیں۔