ای سی سی نے سٹیٹ بینک کے برآمدی فنانس سکیم کوختم کرنے اورسرکاری پاورپلانٹس کیلئے 262.075 ارب روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ جاری کرنے کی منظوری دیدی

84
ای سی سی نے سٹیٹ بینک کے برآمدی فنانس سکیم کوختم کرنے اورسرکاری پاورپلانٹس کیلئے 262.075 ارب روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ جاری کرنے کی منظوری دیدی
ای سی سی نے سٹیٹ بینک کے برآمدی فنانس سکیم کوختم کرنے اورسرکاری پاورپلانٹس کیلئے 262.075 ارب روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ جاری کرنے کی منظوری دیدی

اسلام آباد۔20دسمبر (اے پی پی):کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی)نے تمام صوبوں کے ساتھ مشاورت کے بعد گندم کی گزشتہ سال کی امدادی قیمت 3900 روپے فی 40 کلوگرام مقررکرنے کی سفارش کی ہے،ای سی سی نے سٹیٹ بینک کے برآمدی فنانس سکیم کوختم کرنے اورسرکاری پاورپلانٹس کیلئے 262.075 ارب روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ جاری کرنے کی منظوری بھی دیدی ہے۔کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کااجلاس بدھ کویہاں نگران وفاقی وزیرخزانہ، محصولات و اقتصادی امور ڈاکٹرشمشاداختر کی زیرصدارت منعقد ہوا۔

اجلاس میں وفاقی وزیرمنصوبہ بندی محمدسمیع سعید، وزیرنجکاری فوادحسن فواد، وزیرتجارت گوہراعجاز، وزیر پٹرولیم محمدعلی، وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی عمرسیف، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خزانہ ڈاکٹروقارمسعود، وفاقی سیکرٹریز اور متعلقہ وزارتوں کے سینئر افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔ صوبائی چیف سیکرٹریز ، گورنرسٹیٹ بینک اورمتعلقہ افسران زوم کے ذریعہ اجلاس میں شریک ہوئے۔ اجلاس میں وزارت توانائی(پاورڈویژن) کی جانب سے کے الیکٹرک کے بقایا جات کی ادائیگی کیلئے ایڈوانس سبسڈی کی مد میں 57 ارب کے اجرا سے متعلق سمری کاجائزہ لیاگیا۔ ای سی سی نے شعبہ بجلی کے آپریشنل ضروریات کیلئے مذکورہ تکنیکی گرانٹ کی منظوری دیدی۔

اجلاس میں پاورڈویژن کی سمری پرسرکاری پاورپلانٹس کیلئے 262.075 ارب روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ جاری کرنے کی منظوری دیدی گئی۔ اس معاملہ پر ای سی سی کے آئندہ اجلاس میں مزید بحث ہوگی۔ اجلاس میں آئی ایم ایف کے سٹینڈبائی معاہدے کی ضروریات کے مطابق سٹیٹ بینک کے برآمدی فنانس سکیم کوختم کرنے کی منظوری دی گئی، ان ضروریات پرعملدرآمد کیلئے ای سی سی نے جاری مالی سال کے دوران ایگزم بینک کو 3.87 ارب روپے جاری کرنے کی منظوری دیدی۔ پاکستان سٹیل ملز کے حکومت پاکستان کے واجبات سے متعلق رپورٹ کا جائزہ لیتے ہوئے وزیرخزانہ نے 2015 کے بعد ملز کے آپریشنل نہ ہونے کے باوجود واجبات جاری رہنے اور ضروری قواعد وضوابط کے بغیرپاکستان سٹیل ملز کی اراضی ہائوسنگ کمپنیوں اور دیگر صنعتوں کو مختص کرانے کے حوالہ سے وزارت صنعت و پیداوار کو ڈائیگناسٹک سروے کرانے کی ہدایت کی۔

اقتصادی رابطہ کمیٹی نے سٹیل ملز بورڈ پرناراضگی کااظہارکیا اور وزارت صنعت و پیداوار کو اس معاملہ پر ضروری ایکشن لینے کی سفارش کی۔اجلاس میں نیشنل انرجی ایفیشینی اینڈ کنزرویشن اتھارٹی کو سائنس اینڈ ٹیکنالوجی بورڈ سے پاور ڈویژن کومنتقل کرنے کی منظوری دیدی گئی۔ ای سی سی نے اس مقصد کیلئے نیشنل انرجی ایفیشینی اینڈکنزرویشن اتھارٹی کیلئے جاری مالی سال کیلئے 152.417 ملین روپے کے تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری بھی دی۔

اجلاس میں سال 24۔2023 کیلئے گندم کی امدادی قیمت سے متعلق وزارت قومی غذائی تحفظ وتحقیق کی سمری کاجائزہ لیاگیا۔ تمام صوبوں کے ساتھ مشاورت کے بعدای سی سی نے گزشتہ سال کی امدادی قیمت 3900 روپے فی 40 کلوگرام مقررکرنے کی سفارش کی۔ای سی سی نے فیصلہ کیا کہ زرعی مداخل پرکوئی سبسڈی نہیں دی جائے گی کیونکہ خالصتاً صوبائی معاملہ ہے۔اجلاس میں سال 2024کیلئے تمباکو کی کم سے کم انڈیکٹیوقیمت اورسال 2024-25 کیلئے سیس کی شرح پرنظرثانی سے متعلق نوٹیفکیشن کی منظوری دی گئی۔