ای سی سی نے گندم کی نئی فصل کیلئے کم سے کم امدادی قیمت 2200 روپے فی 40کلوگرام مقررکرنے کی مشروط منظوری دیدی،کھاد اورمداخل پر سبسڈی کی تاریخ میں توسیع اورخریف فصل پرکھادوں کی خریداری کیلئے سبسڈی کی بھی منظوری

87

اسلام آباد۔17مارچ (اے پی پی):کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے گندم کی نئی فصل کیلئے کم سے کم امدادی قیمت 1950 روپے فی 40 کلوگرام سے بڑھا کر2200 روپے فی چالیس کلوگرام مقررکرنے اور وزیراعظم کے زرعی پیکج 2021 کے تحت خریف فصل 2021 کیلئے کسانوں کوڈی اے پی،کاٹن سیڈ اورسفیدمکھی کے تدارک کیلئے کیڑے مارادویات پرسبسڈی کی تاریخ میں توسیع کی منظوری دیدی، اقتصادی رابطہ کمیٹی نے پنجاب میں 4 ملین میٹرک ٹن،سندھ میں 1.40 ملین میٹرک ٹن اوربلوچستان میں 0.10 ملین میٹرک ٹن گندم کی خریداری کے اہداف مقررکرنے کی منظوری بھی دی۔کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کااجلاس جمعرات کویہاں وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات شوکت ترین کی زیرصدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں وفاقی وزرا سیدفخرامام، حماداظہر، وزیراعظم کے مشیرتجارت عبدالرزاق دائود، گورنرسٹیٹ بینک، وفاقی سیکرٹریزا وردیگرسینئرافسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں وزارت قومی غذائی تحفظ وتحقیق کی جانب سے وزیراعظم کے زرعی پیکج 2021 کے تحت خریف فصل 2021 کیلئے کسانوں کوڈی اے پی،کاٹن سیڈ اورسفیدمکھی کے تدارک کیلئے کیڑے مارادویات پرسبسڈی کی تاریخ میں توسیع سے متعلق سمری پیش کی گئی، اجلاس کوبتایاگیا کہ وفاقی حکومت اس پیکج کے تحت سندھ کیلئے 3.890ارب روپے اوربلوچستان کیلئے 541 ملین روپے جاری کرچکی ہے۔ای سی سی نے سبسڈی کی تقسیم میں 30 جون 2022 تک توسیع کی منظوری دیدی۔

اجلاس میں وزارت قومی غذائی تحفظ وتحقیق کی جانب سے خریف فصل 2022 کیلئے کسانوں کوکھادپرسبسڈی کی ایک اورسمری پیش کی گئی، اقتصادی رابطہ کمیٹی نے صوبوں کے زریعہ کھادپر24.26 ارب روپے کی سبسڈی کی منظوری دیدی اس کیلئے موجودہ رائج طریقہ کاراختیارکیاجائیگا۔ فاسفیٹ فرٹیلائزرزپر50،50 کی بنیادپرسبسڈی دی جائیگی۔ ای سی سی نے اس حوالہ سے ٹریکنگ نظام کومضبوط بنانے کی ہدایت بھی کی، اس سبسڈی کیلئے وفاقی حکومت 12.13 ارب روپے فراہم کرے گی۔

اجلاس میں وزارت قومی غذائی تحفظ وتحقیق کی جانب سے سندھ اوربلوچستان میں سرکاری طورپرگندم کی خریداری کے اہداف اوراس حوالہ سے کیش کریڈٹ کی حد سے متعلق ایک سمری پیش کی گئی۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی نے سندھ میں 1.40 ملین میٹرک ٹن اور بلوچستان میں 0.10 ملین میٹرک ٹن گندم کی خریداری کے اہداف کی منظوری دی، ای سی سی نے سندھ کیلئے کیش کریڈٹ کی حد77 ارب روپے اوربلوچستان کیلئے 6.20 ارب روپے مقررکرنے کی منظوری بھی دی۔ اجلاس میں وزارت قومی غذائی تحفظ وتحقیق کی جانب سے سال 2021-22 کیلئے گندم کی کم سے کم امدادی قیمت پرنظرثانی سے متعلق سمری پیش کی گئی،

ای سی سی نے گندم کی کم سے کم امدادی قیمت 1950 روپے فی 40 کلوگرام سے بڑھا کر2200 روپے فی چالیس کلوگرام مقررکرنے کی منظوری دی تاہم یہ منظوری وفاقی کابینہ کی منظوری سے مشروط ہوگی۔ای سی سی نے پنجاب میں 4 ملین میٹرک ٹن گندم کی خریداری کا ہدف مقررکرنے اوراس مقصد کیلئے 220 ارب روپے کے کیش کریڈٹ حدمقررکرنے کی منظوری بھی دی۔

ای سی سی نے خیبرپختونخواکو محکمہ خوراک پنجاب سے 0.20 ملین میٹرک ٹن گندم کی خریداری اپنے مالیاتی انتظام سے کرنے کی اجازت بھی دی۔ای سی سی نے 2200 روپے فی چالیس کلوگرام کی شرح سے 1.20 ملین میٹرک ٹن گندم کی خریداری کیلئے پاسکو کے کیش کریڈٹ کی حد 65 ارب روپے سے بڑھا کر72.50 ارب روپے کرنے کی منظوری بھی دی۔ اجلاس میں پاورڈویژن کیلئے 50 ارب روپے اوروزارت تجارت کیلئے 4.5 ارب روپے کی ضمنی تکنیکی گرانٹس کی منظوری بھی دی گئی۔