اسلام آباد ۔ 29 اکتوبر (اے پی پی) کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کی ہدایت پر ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان (ٹی سی پی) ایک لاکھ میٹرک ٹن یوریا کھاد درآمد کرے گی اور 50 ہزار میٹرک ٹن کھاد کی پہلی درآمدی کھیپ وسط نومبر 2018ءتک پاکستان پہنچے گی۔ وزارت خزانہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ای سی سی نے 10 ستمبر 2018ءکے اجلاس میں ٹی سی پی کو ربیع سیزن کیلئے ایک لاکھ میٹرک ٹن یوریا کھاد درآمد کرنے کا حکم دیا تھا۔ یہ فیصلہ وفاقی حکومت نے آئندہ ربیع سیزن کے دوران ممکنہ قلت پر قابو پانے اور کاشتکاروں کو کھاد کی بروقت فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے کیا تھا تاکہ قومی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی زرعی شعبہ کو مداخل بروقت فراہم کئے جا سکیں۔ ای سی سی کی ہدایات کی روشنی میں ٹی سی پی نے یوریا کھاد کی درآمد کیلئے انٹرنیشنل ٹینڈر جاری کئے جو 22 اکتوبر کو کھولے گئے اور کم بولی دینے والے کو ٹھیکہ دیا گیا۔ ٹی سی پی کے اس اقدام سے کھاد کی قیمتوں کے استحکام میں مدد ملے گی اور ٹی سی پی کی انتظامیہ نے کھاد کی کوالٹی اور حقدار کی جانچ پڑتال کے حولے سے بھی اقدامات کئے ہیں۔