اے ایس بی کلاسک ٹینس ، وینس ولیمز نے اپنے کیریئر کے 30 ویں سال کا فاتحانہ آغاز کر دیا

294

آکلینڈ۔3جنوری (اے پی پی):امریکا کی شہرہ آفاق ٹینس سٹار وینس ولیمز نے ڈبلیو ٹی اے ٹور کے ایونٹ اے ایس بی کلاسک ٹینس ٹورنامنٹ کا فاتحانہ آغاز کر دیا۔ رواں سال کا پہلا ڈبلیو ٹی اے ٹینس ٹورانامنٹ نیوزی لینڈ کے مشہور شہر آکلینڈ میں شروع ہوچکا ہے جس میں شائقین ٹینس کو انتہائی دلچسپ اور کانٹے دار مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔ 42 سالہ وینس ولیمز نے ڈبلیو ٹی اے ٹور پر اپنے 30 ویں سال کا آغاز نیوزی لینڈ کے شہر آکلینڈ میں اے ایس بی کلاسک میں ساتھی امریکی کیٹی والینٹس کے خلاف فتح کے ساتھ کیا۔

وینس ولیمز نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے حریف امریکی کھلاڑی کیٹی والینٹس کو 6-7(4-7) اور 2-6 سے شکست دی وینس ولیمز کا دوسرے رائونڈ میں مقابلہ چینی حریف کھلاڑی لن ژو سے ہوگا۔سابق عالمی نمبر ایک ولیمز نے اپنے ٹور کا آغاز اکتوبر 1994 میں کیا تھا ۔انہوں نے 2021 میں وائلڈ کارڈ کے طور پر چار ٹورنامنٹس میں انٹری کی تھی ، 1994 کے بعد وہ واحد سال تھا جس میں وینس نے سنگلز میچ بھی نہیں جیتا تھا۔

یاد رہے کہ وینس ولیمز کو مزکورہ ٹورنامنٹ میں پہلی بار کھیلنے کے 25 سال بعد آسٹریلین اوپن میں حصہ لینے کے لیے وائلڈ کارڈ سے نوازا گیا ہے۔سات بار کے گرینڈ سلام ویمنز سنگلز چیمپئن، ولیمز نے میلبورن میں کبھی بھی سنگلز ٹائٹل نہیں جیتا،وہ آسٹریلین اوپن 2003 اور 2017 کے فائنل میں پہنچی تھی تاہم ان کو اپنی چھوٹی بہن سرینا سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا ۔آسٹریلین اوپن کا آغاز 16 جنوری سے ہو رہا ہے۔