ریاض۔26مارچ (اے پی پی):اے ایف سی ایشین کپ 2027 ( کوالیفائرز فائنل راؤنڈ ) میں شام نے پاکستان کو 0-2 سے شکست دے دی، فاتح ٹیم کی طرف سے احمد فاقا اور عمرالسومہ نے ایک ایک گول کیا۔ پی ایف ایف کے مطابق سعودی عرب کے پرنس عبداللہ بن جلاوی فٹ بال سٹیڈیم میں کھیلے گئے گروپ ای کے پہلے میچ میں پاکستان کو تجربہ کار شامی ٹیم کے ہاتھوں 0-2 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ شام کی طرف پہلا گول 23 ویں منٹ میں احمد فاقا جبکہ دوسرا گول 56 ویں منٹ میں عمرالسومہ نے کیا۔
اسی روز کھیلے گئے گروپ ای کے دوسرے میچ میں میانمار نے افغانستان کے خلاف ایک کے مقابلے میں دو گول سے کامیابی حاصل کی۔ واضح رہے کہ ایشین زون کی مجموعی طور پر 24 ٹیمیں اے ایف سی ایشین کپ 2027 کوالیفائرز میں جگہ بنانے کی کوشش کر رہی ہیں۔ گروپ ای میں شامل پاکستان، شام، میانمار اور افغانستان نے ایک ایک میچ کھیل لیا ہے ۔ پوائنٹس ٹیبل پر شام تین پوائنٹس کے ساتھ پہلے جبکہ میانمار اتنے ہی پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ پاکستانی ٹیم اپنا دوسرا گروپ میچ 10 جون کو میانمار کے خلاف کھیلے گی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=576269