اسلام آباد۔10دسمبر (اے پی پی):ایسٹ مینجمنٹ کمپنیوں (اے ایم سیز) کے اثاثہ جات 3 ٹریلین روپے سے تجاوز کرگئے ہیں۔ میوچل فنڈ ایسوسی ایشن آف پاکستان (ایم یو ایف اے پی) کی رپورٹ کے مطابق افرادی اور کارپوریٹ انویسٹرز نے20 تا 25 فیصد کے پرکشش منافع جات کی پیش کش پر سرمایہ کاری میں اضافہ کیا ہے اور رواں سال کے آغازپر اے ایم سیز کے مجموعی اثاثہ جات کی مالیت 2ٹریلین روپے تھی تاہم ستمبر کے اختتام تک اثاثہ جات کی مالیت 3 ٹریلین روپے سے تجاوز کر چکی ہے۔
رپورٹ کے مطابق اکتوبر 2024 کے اختتام پر ایسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کے میوچل فنڈزکا حجم 3.44 ٹریلین روپے تک بڑھ گیا جن میں 3.35 ٹریلین روپے کے اوپن اینڈڈ فنڈز ، 82 ارب روپے کے والنٹری پنشن فنڈز اور 526 ملین روپے مالیت کے ایکسچینج ٹریڈڈ فنڈز (ای ٹی ایف) شامل ہیں۔ اعدادوشمار کے مطابق منی مارکیٹ میں اوپن اینڈڈفنڈز کی مالیت 1.3ٹریلین روپے کے ساتھ سرفہرست ہے جبکہ انکم فنڈز میں 1.2 ٹریلین روپے کی سرمایہ کاریاں اور مارکیٹ فنڈز میں 258 ارب روپے کی سرمایہ کاری کی گئی ہے۔
اےایم سیزکے اعدادوشمار کے مطابق المیزان انویسٹمنٹ مینجمنٹ لمیٹڈ 611 ارب روپے کے اثاثہ جات کے ساتھ سر فہرست ہے جبکہ نیشنل بینک آف پاکستان فنڈ مینجمنٹ لمیٹڈ 422 ارب روپے کے اثاثوں کے ساتھ دوسرے اور ایم سی بی انویسمنٹ مینجمنٹ لمیٹڈ اور ایچ بی ایل ایسٹ مینجمنٹ لمیٹڈ بالترتیب 367 ارب اور 320 ارب روپے کے اثاثہ جات کے ساتھ چار بڑےفنڈزمیں شامل ہیں۔