اے این ایف نے بھاری مقدار میں بیرون ملک آئس سمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی، ملزم گرفتار

130
ANF ​​action
ANF ​​action

راولپنڈی۔11دسمبر (اے پی پی):اے این ایف نے ساؤتھ ایشیا پاکستان ٹرمینل کراچی پر تاریخی کارروائی کرتے ہوئےانٹیلی جنس اطلاع پر بھاری مقدار میں بیرون ملک آئس سمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی اور ایک ملزم گرفتار کر لیا۔

اے این ایف ہیڈکوارٹر راولپنڈی سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ بدھ کو کراچی میں بڑی کارروائی کے دوران ملائيشيا کے لئے بک کئے گئے کنٹینر سے 700 کلوگرام میتھ ایمفیٹامائن (آئس) برآمد ہوئی۔برآمد شدہ آئس کیلشیم کاربونیٹ کے ساتھ مکس کر کے سمگل کی جا رہی تھی۔کنٹینر میں موجود کیلشیم کاربونیٹ کے 854 بیگوں کی تلاشی لی گئی،28 بیگوں میں موجود کیلشیم کاربونیٹ میں آئس کی موجودگی کی نشاندہی ہوئی۔
ترجمان نے بتایا کہ کنٹینر بک کروانے والے کراچی کے رہائشی ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔کنٹینر کراچی میں قائم نجی کمپنی کی جانب سے ملائشیا کے شہر کوالالمپور کے لئے بک کروایا گیا تھا۔دیگر ملزمان کی گرفتاری کیلئے گرفتار ملزم سے تحقیقات کا عمل جاری ہے۔اے این ایف ترجمان نے کہا کہ حالیہ کارروائی منشیات سمگلنگ کے خلاف اے این ایف کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔اے این ایف ملکی اور بین الاقوامی سطح پر منشیات اسمگلنگ کے خلاف پرعزم ہے،منشیات سمگلروں کے عزائم سے واقف ہیں جو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔