اے این ایف نے ملتان ایئرپورٹ پر کوکین سمگلنگ کی بڑی کوشش ناکام بنادی

81
cocaine smuggling
cocaine smuggling

راولپنڈی۔26ستمبر (اے پی پی):اینٹی نار کو ٹکس فورس(اے این ایف )نے ملتان ایئرپورٹ پر کوکین سمگلنگ کی بڑی کوشش ناکام بنادی۔اے این ایف ہیڈکوارٹر راولپنڈی سے جاری بیان کے مطابق ملتان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اے این ایف نےکوکین کی سمگلنگ کی ایک بڑی کوشش کو کامیابی سے ناکام بناتے ہوئے 48 منشیات سے بھرے کیپسول لے جانے والے ایک مشتبہ سمگلر کو گرفتار کر لیا۔

ملزمکا تعلق افریقی ملک انگولا سے ہے اور وہ مسقط سے آ رہا تھا۔ملزم کے پیٹ سے کوکین بھرے 48 کیپسول برآمد ہوئے، ہر کیپسول کا وزن 13 گرام تھا، کوکین کی کل مقدار 624 گرام تھی۔ رپورٹ کے مطابق رواں سال پاکستان میں منشیات سمگل کرنے والوں میں گرفتار غیر ملکی شہریوں کی بڑی تعداد افریقی ممالک سے ہے۔

ترجمان نے بتایاکہ 2024 میں زیادہ غیر ملکی شہریوں کو گرفتار کیا گیا ہے، جو سرحد پار منشیات کی سمگلنگ میں بڑھتے ہوئے رجحان کا باعث ہیں۔ منشیات سمگلر غیر قانونی منشیات کی سمگلنگ کے لیے نت نئے اور خطرناک طریقے اپناتے رہتے ہیں جس سے معاشرے کو شدید خطرہ لاحق ہے۔

منشیات کو جسم کے اندر چھپانے جیسے ہتھکنڈے نہ صرف سمگلروں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالتی ہے بلکہ دنیا بھر کی کمیونٹیز کے لیے تباہ کن نتائج بھی دیتے ہیں۔ اے این ایف ان نیٹ ورکس کو ختم کرنے اور اس طرح کی منشیات سمگلنگ میں ملوث افراد کو قانون کا سامنا کرنے کو یقینی بنانے کے لیے پوری طرح پرعزم ہے۔