اے این ایف نے کھیلوں کے سامان کے ذریعے بیرون ملک منشیات سمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی

95

راولپنڈی۔15جنوری (اے پی پی):اینٹی نارکوٹکس فورس(اے این ایف) نے کھیلوں کے سامان کے ذریعے بیرون ملک منشیات سمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی ۔اے این ایف ہیڈکوارٹر راولپنڈی سے جاری بیان کے مطابق اے این ایف نے اسلام آباد میں منشیات سمگلنگ کے خلاف کارروائی کے دوران کھیلوں کے سامان میں چھپا کر بیرون ملک منشیات سمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی۔ ترجمان نے بتایاکہ آبپارہ مارکیٹ اسلام آباد میں واقع کوریئر آفس میں نیوزی لینڈ کے لئے بک پارسل کو قبضے میں لیا گیا۔پارسل میں موجود کیرم بورڈ میں مہارت سے چھپائی گئی ایک کلو 20 گرام آئس برآمد کی گئی۔پارسل آزاد کشمیر کے رہائشی کی جانب سے بک کروایا گیا تھا۔منشیات قبضے میں لے کر مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اے این ایف کے ترجمان نے کہاکہ منشیات کی سمگلنگ کے لئے کھیلوں کے سامان کا استعمال باعث تشویش ہے۔اے این ایف منشیات سمگلرز کے ہتھکنڈوں سے اچھی طرح آگاہ ہے اور منشیات سمگلنگ کے خلاف اے این ایف پرعزم انداز سے جنگ جاری رکھے گی۔