راولپنڈی ۔15فروری (اے پی پی):اینٹی نارکو ٹکس فورس (اے این ایف )نے8 مختلف کارروائیوں کے دوران 9 ملزمان کو گرفتار کر کے 79 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 63.402 کلو گرام منشیات برآمد کر لی ہے۔ ترجمان اے این ایف نے ہفتہ کو جاری بیان میں کہا ہے کہ اے این ایف کا تعلیمی اداروں اور ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ 8 کاروائیوں میں 9 ملزمان کو گرفتار کر کے 79 لاکھ سے زائد مالیت کی 63.402 کلو گرام منشیات برآمد کی گئی ہے۔ تعلیمی اداروں میں انسداد منشیات کی کارروائیوں کی تفصیلات کے مطابق راولپنڈی میں دو مختلف یونیورسٹیوں کے قریب دو ملزمان سے 200 گرام آئس اور 172 گرام ہیروئن برآمد کی گئی ہے۔گرفتار ملزم نے تعلیمی اداروں کے طلباء کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف بھی کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ دیگر کارروائیوں میں لاہور میں کارگو آفس میں تھائی لینڈ سے بھیجے گئے پارسل سے گھریلو سامان میں چھپائی گئی 230 گرام ویڈ آمد کی گئی ہے جبکہ سیالکوٹ میں ڈسکہ کے قریب موٹرسائیکل سے 33.6 کلو چرس اور 4.8 کلو افیون برآمد کر کے 2 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔
اسی طرح ایم ون موٹر وے اسلام آباد کے قریب مسافر بس میں سوار دو خواتین سے 15.6 کلو چرس برآمد کی گئی ہے جبکہ پشاور میں رنگ روڈ پر واقع کوریئر آفس کے ذریعے فیصل آباد اور اسلام آباد بھیجے جانے والے 3 پارسلز سے 2.4 کلو افیون اور 3 کلو چرس برآمد کی گئی ہے۔ ترجمان اے این ایف کے مطابق لاہور میں کھنہ روہی نالا روڈ کے قریب کار میں چھپائی گئی 2.4 کلو آئس برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کیا گیا ہے ۔
مزید برآں لاہور میں بس سٹاپ کے قریب کار کے خفیہ خانوں میں چھپائی گئی 1 کلو آئس برآمد کر کے 2 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔ ترجمان اے این ایف نے کہا ہے کہ گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔