اے این ایف کا تعلیمی اداروں کے اطراف اور ملک کے مختلف شہروں میں منشیات سمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن، 7 کارروائیوں کے دوران 8 ملزمان گرفتار

3

اسلام آباد۔21جون (اے پی پی):اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نےتعلیمی اداروں کے اطراف اور ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 7 کارروائیوں کے دوران 8 ملزمان کو گرفتار کر لیا ،کارروائیوں میں 2 کروڑ 34 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 168.443 کلو گرام منشیات برآمد کرلی ۔

ہفتہ کوترجمان اے این ایف کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اے این ایف نےتعلیمی اداروں میں کارروائیاں کرتے ہوئے مریڑ حسن راولپنڈی سکول کے قریب ملزم کے قبضے سے 55 گرام وزنی 105 ایکسٹیسی گولیاں برآمد کر لی،گرفتار ملزم نے تعلیمی اداروں کے طلباء کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف کر لیا دیگر کارروائیوں میں فیصل آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر ریاض جانے والے مسافر کے سامان سے988 گرام ہیروئن برآمد کر لی اسی طرح قصور روڈ لاہور کے قریب 3 ملزمان سے 5 کلو ہیروئن اور 3 ڈرونز بھی برآمد کئے گئے۔ترجمان کے مطابق آٹو بھان روڈ حیدرآباد میں کوریئر آفس کے قریب گاڑی سے 3 کلو چرس برآمد کر کے3 ملزمان کوگرفتار کر لیا۔

پشاور میں یونیورسٹی روڈ کے قریب گاڑی سے 3 کلو ہیروئن اور 14.4 کلو چرس برآمدکر لی۔پشاور میں خیبر کے علاقے شاہکاس کے قریب اسمگلنگ کے لیے چھپائی گئی 30 کلو افیون اور 30 کلو چرس برآمد ہوئی ، دالبندین کے علاقے داؤد آباد، چاغی کے قریب اسمگلنگ کے لیے چھپائی گئی 18 کلو چرس برآمد کر لی گئی۔گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔