اے این ایف کا تعلیمی اداروں کے اطراف منشیات فروشی کے خلاف کریک ڈاؤن ،خاتون سمیت 5 ملزمان گرفتار

116
Shopkeeper arrested
Shopkeeper arrested

اسلام آباد۔12اکتوبر (اے پی پی):اے این ایف نے تعلیمی اداروں کے اطراف میں منشیات فروشی اور منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 5 کارروائیوں میں خاتون سمیت 5 ملزمان کو گرفتار کیا جبکہ 44 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 3.445 کلوگرام منشیات برآمد کی گئی۔ہفتہ کے روز ترجمان اے این ایف کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اسلام آباد کی ایک بڑی یونیورسٹی کے قریب خاتون منشیات فروش سے 1 کلو ہیروئین اور200 گرام چرس برآمد کی ۔

اسی طرح سے کوہاٹ میں الفیصل بس سٹینڈ پر ملزم کے قبضے سے 550 گرام چرس برآمد کی اور ملتان میں یونیورسٹی کے قریب ملزم سے 495 گرام آئس برآمد کی گئی جبکہ گرفتار ملزمان نے تعلیمی اداروں کے طلباء کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف کیا ہے۔ترجمان نے کہا کہ منشیات سے پاک تعلیمی اداروں کا قیام اے این ایف کی اولین ترجیح ہے۔

اے این ایف کی دیگر کارروائیوں میں ٹونمی موڑ ڈیرہ غازی خان کے قریب 2 کارروائیوں میں 2 ملزمان سے 1 کلو 200 گرام آئس برآمد کی گئی۔ترجمان نے بتایا کہ تمام گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔