اسلام آباد۔16اکتوبر (اے پی پی):اے این ایف نے تعلیمی اداروں کے اطراف میں منشیات فروشی اور منشیات سمگلنگ کے خلاف کریک ڈائون کرتے ہوئے 9 کارروائیوں میں 11 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔بدھ کے روز ترجمان اے این ایف کے مطابق کارروائیوں میں اڑھائی کروڑ سے زائد مالیت کی 212.74 کلو گرام منشیات برآمد کی گئیں۔
شکار پور سکھر میں یونیورسٹی کے قریب سے 141.6 کلو چرس برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کیا گیا۔ اسی طرح اسلام آباد میں یونیورسٹی کے قریب ملزم سے 100 گرام چرس اور 35 ایکسٹیسی گولیاں برآمد کی گئیں،گرفتار ملزمان نے تعلیمی اداروں کے طلباء کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف کیا۔
ترجمان کے مطابق منشیات سے پاک تعلیمی اداروں کا قیام اے این ایف کی اولین ترجیح ہے۔اے این ایف کی دیگر کارروائیوں میں سکھر میں کوریئر آفس میں تین کارروائیوں کے دوران 3 پارسلز سے 42 کلو چرس برآمد کر کے تین ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔اسی طرح لاہور ایئرپورٹ پر دوسری کارروائی میں دبئی جانے والے دو مسافروں سے 2.450 کلو آئس برآمد کی گئی،لاہور ایئرپورٹ پر سعودی عرب جانے والے مسافر کے پیٹ سے 28 آئس بھرے کیپسولز برآمد کیے گئے۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق قصور میں نور مسجد کے قریب سے 20.400 کلو آئس برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کیا گیا،ٹھوکر نیاز بیگ لاہور میں دو ملزمان سے 5 کلو افیون برآمد کی گئی۔ گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔