اسلام آباد۔21اکتوبر (اے پی پی):اے این ایف نے تعلیمی اداروں کے اطراف میں منشیات فروشی اور منشیات سمگلنگ کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران 13 کارروائیوں میں 7 ملزمان گرفتارکرلیے۔اے این ایف ترجمان کے مطابق ان کارروائیوں میں ڈیڑھ کروڑ روپے سے زائد مالیت کی 86.92 کلو گرام منشیات برآمدکی گئیں۔بلدیہ ٹاؤن کراچی میں ملزم سے 2.4 کلو گرام چرس برآمدکی گئی۔اسلام آباد میں یونیورسٹی کے قریب 2 ملزمان سے 1.2 کلوگرام چرس برآمدکی گئی۔ترجمان نے بتایا کہ گرفتار ملزمان نے تعلیمی اداروں کے طلباء کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف کیا ہے ۔
ترجمان نے مزید کہا کہ منشیات سے پاک تعلیمی اداروں کا قیام اے این ایف کی اولین ترجیح ہے۔دیگر کارروائیوں میں کچلاک کوئٹہ سے 60 کلوگرام چرس برآمدکی گئی۔آر سی ڈی روڈ حب سے 14 کلو گرام آئس برآمدکی گئی۔راولپنڈی میں واقع کوریئر آفس میں بیرون ممالک سے بھیجے گئے تین پارسلز سے 662 گرام ویڈ برآمدکی گئی۔اسلام آباد ایئرپورٹ سے شارجہ جانے والے مسافر سے 44 ہیروئن بھرے کیپسولز برآمدکیے گئے۔سیالکوٹ میں کوریئر آفس میں بحرین بھیجے جانے والے پارسل سے 940 گرام آئس برآمد کی گئی۔جی پی او آفس ملتان میں بنکاک سے بھیجے گئے پارسل سے 720 گرام ویڈ برآمد کی گئی۔
کوئٹہ میں کوریئر آفس میں پارسل سے 3 کلوگرام آئس برآمد کی گئی۔ڈائیوو بس ٹرمینل گوجرانوالہ میں دو ملزمان سے 1 کلوگرام ہیروئین اور 1.2 کلو گرام چرس برآمدکی گئی۔ الآصف سکوائر کراچی میں ملزم سے 1.2 کلو گرام چرس اور 600 گرام آئس برآمدکی گئی ۔ترجمان نے بتایا کہ گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔