اسلام آباد۔26اکتوبر (اے پی پی):اے این ایف نے تعلیمی اداروں کے اطراف میں منشیات فروشوں کے خلاف 8 مختلف کارروائیوں میں 5 ملزمان کو گرفتار کرلیا ۔ترجمان اے این ایف کے مطابق کارروائیوں میں 2 کروڑ سے زائد مالیت کی 223.02 کلو گرام منشیات برآمد کی گئی ہے جبکہ تعلیمی اداروں میں کارروائیوں کے دوران اسلام آباد کی دو مشہور یونیورسٹیوں کے قریب دو ملزمان سے 5 کلو 800 گرام چرس برآمد کی گئی،راولپنڈی میں یونیورسٹی کے قریب ملزم سے 4 کلو چرس برآمد کی گئی۔
اسی طرح سےاے این ایف نے کارروائی کرتے ہوئےجی ٹی روڈ اٹک کے قریب ملزم سے 6 کلو چرس برآمد کی،گرفتار ملزمان نے طلباکو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف کیاہے ۔اسی طرح سے اے این ایف کی دیگر کارروائیوں میں لاہور ایئرپورٹ سے سری لنکا جانے والے مسافر سے 4 کلو 820 گرام ہیروئن برآمد کی گئی،قلعہ عبداللہ سے 170 کلو چرس برآمد کی گئی،کوہاٹ کے پہاڑی علاقے سے 18 کلو چرس جبکہ رنگ روڈ پشاور سے 14 کلو 400 گرام چرس برآمد کی گئی۔ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔