اے این ایف کا ملک کے مختلف شہروں میں منشیات سمگلنگ کے خلاف کریک ڈائون، 6 کارروائیوں میں 11 ملزمان گرفتار

83

راولپنڈی ۔13جنوری (اے پی پی):اے این ایف نے ملک کے مختلف شہروں میں منشیات سمگلنگ کے خلاف جاری کریک ڈائون کے دوران 6 کارروائیوں میں 11 ملزمان گرفتار کر لیے۔ اے این ایف ہیڈکوارٹر راولپنڈی سے جاری گزشتہ چوبیس گھنٹوں کی انسداد منشیات کارروائیوں کی تفصیلات کے مطابق تازہ کارروائیوں میں 48 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 43.3 کلوگرام منشیات برآمد کی گئیں۔

سیالکوٹ میں وزیر آباد روڈ سمبڑیال کے قریب دو کارروائیوں کے دوران 6 ملزمان کے قبضے سے مجموعی طور پر 33.6 کلو گرام چرس برآمد کی گئی۔کچلاک کوئٹہ میں پٹرول پمپ کے قریب ملزم سے 5 کلو گرام آئس برآمد کی گئی۔ اسلام آباد جی نائن میں گاڑی میں چھپائی گئی 3.6 کلو گرام چرس برآمد کر کے ایک ملزم گرفتار کیا گیا۔مندرہ روڈ چکوال کے قریب دو موٹر سائیکل سواروں کے قبضے سے 600 گرام چرس برآمدکی گئی ۔آئی جے پی روڈ اسلام آباد کے قریب ملزم سے 500 گرام چرس برآمد کی گئی۔ ترجمان نے بتایا کہ گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔