راولپنڈی۔23اکتوبر (اے پی پی):اینٹی نارکاٹکس فورس نے منشیات سمگلنگ کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران 5 کارروائیوں میں 7 ملزمان گرفتارکر کے ان کے قبضے سے منشیات کی بھاری مقدار برآمد کرلی ۔اے این ایف ہیڈکوارٹر راولپنڈی سے جاری بیان کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مختلف کارروائیوں کے دوران 1 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی 100.164 کلو گرام منشیات برآمدکی گئی ۔
کوئٹہ میں کلی عمر روڈ پر گاڑی سے 50 کلوگرام چرس برآمدکرکے ایک ملزم گرفتار کیاگیا۔ایم 2 لاہور پر گاڑی سے 12 کلو گرام افیون اور 18 کلو گرام چرس برآمدکرکے 4 ملزمان گرفتار کیے گئے ۔اسلام آباد میں ٹی چوک پر گاڑی سے 9 کلو 600 گرام چرس برآمدکی گئی ۔
اسلام آباد میں فیض آباد کے قریب دو ملزمان سے 9 کلو 600 گرام چرس برآمدکی گئی ۔راولپنڈی میں واقع کوریئر آفس میں قطر بھیجے جانے والے پارسل سے 964 گرام آئس برآمدکی گئی ۔ترجمان اے این ایف نے بتایاکہ گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔