راولپنڈی۔12اکتوبر (اے پی پی):اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف )نے منشیات سمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 3 کارروائیوں کے دوران 208 کلوگرام منشیات برآمدکر کے 3 ملزمان گرفتارکرلیے۔اے این ایف ترجمان کے مطابق گڈاپ ٹاؤن کراچی میں منشیات اسمگلنگ کی بڑی کوشش ناکام بنا دی گئی۔
سیب بھرے ٹرک سے 168 کلو گرام چرس برآمدکی گئی ۔ برآمدہ چرس ٹرک کے ڈیزل ٹینک میں بنائے گئے خُفیہ خانے میں چھپائی گئی تھی ۔دورانِ کارروائی قلعہ عبداللہ کا رہائشی ملزم گرفتارکیا گیا ۔کوئٹہ میں کارروائی کرتے ہوئے کارسے 40 کلو گرام چرس برآمدکی گئی۔
دورانِ کارروائی کوئٹہ کا رہائشی مُلزم گرفتاربھی کیا گیا۔جمرود روڈ پشاور پر مقامی رہائشی کے قبضے سے 274 نشہ آور (ایکسٹیسی) گولیاں برآمدکی گئیں۔ملزم نےمنشیات خیبر سے پنجاب اسمگل کرنے کا اعتراف کرلیا۔ترجمان نے بتایا کہ ملزمان کے خلاف انسدادِمنشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔