اے این ایف کا منشیات سمگلنگ کے خلاف کریک ڈائون ، 12 ملزمان گرفتار

125
Criminals arrested
Criminals arrested

راولپنڈی۔9دسمبر (اے پی پی):اے این ایف نے منشیات سمگلنگ کے خلاف تعلیمی اداروں اور ملک کے مختلف شہروں میں جاری کریک ڈاؤن میں 11 کارروائیوں کے دوران 12 ملزمان گرفتار کر لیے ۔اے این ایف ہیڈکوارٹر راولپنڈی سے جاری گزشتہ چوبیس گھنٹوں کی انسداد منشیات کارروائیوں کی تفصیلات کے مطابق ان کارروائیوں میں 6 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی 251.34 کلو گرام منشیات برآمدکی گئیں ۔موتی رام روڈ کوئٹہ میں یونیورسٹی کے قریب ملزم سے 160 نشہ آور گولیاں اور 100 گرام آئس برآمد کی گئی ۔

ترجمان نے بتایاکہ گرفتار ملزم نے تعلیمی اداروں کے طلباء کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف بھی کیاہے ۔اسلام آباد میں کوریئر آفس کے ذریعے برطانیہ بھیجے جانے والے پارسل میں لیڈیز بیگ میں چھپائی گئی 95 گرام ہیروئن برآمد کی گئی ۔بلوچستان میں نوکنڈی سے سمگلنگ کے لئے چھپائی گئی 137 کلو گرام افیون برآمد کی گئی ۔ایم ون اسلام آباد میں دو کاروائیوں میں گاڑی میں چھپائی گئی 34.4 کلو گرام چرس، 30 کلو گرام افیون، 10 کلوگرام ہیروئن اور 5 کلو گرام آئس برآمدکر کے 2 ملزمان گرفتار کیے گئے ۔

کامونکی ٹول پلازہ گوجرانوالہ کے قریب 12 کلوگرام چرس اور 2.4 کلو گرام افیون برآمد کرکے 3 ملزمان گرفتار کیے گئے ۔نیشنل ہائی وے حیدر آباد کے قریب ملزم سے 9.6 کلو گرام چرس برآمد کی گئی ۔شکارپور سکھر میں ریسٹورنٹ کے قریب دو ملزمان سے 6 کلو گرام چرس برآمد کی گئی ۔اسلام آباد سیکٹر E/11 میں نائجیرین باشندے سے 1 کوکین بھرا کیپسول اور 300 گرام آئس برآمد کی گئی ۔شیخوپورہ میں دو مختلف کارروائیوں میں دو ملزمان سے 2 ڈرون سمیت 3.59 کلو گرام ہیروئن برآمد کی گئی ۔ترجمان نے بتایاکہ گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔