راولپنڈی۔13دسمبر (اے پی پی):اے این ایف نے منشیات سمگلنگ کے خلاف تعلیمی اداروں اور ملک کے مختلف شہروں میں جاری کریک ڈاؤن میں 11 کارروائیوں کے دوران 8 ملزمان کو گرفتار کر لیا ۔ اے این ایف ہیڈکوارٹر راولپنڈی سے جاری 24 گھنٹوں کی انسداد منشیات کارروائیوں کی تفصیلات کے مطابق ان کارروائیوں میں 12 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی 712.938 کلو گرام منشیات برآمد کی گئیں ۔اٹک میں یونیورسٹی کے قریب ملزم سے 19 گرام آئس برآمد کی گئی ۔ترجمان نے بتایاکہ گرفتار ملزم نے تعلیمی اداروں کے طلباء کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف بھی کیا ہے ۔کراچی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر جدہ جانے والے مسافر سے 3 کلو گرام آئس برآمد کی گئی ۔
اسلام آباد میں کوریئر آفس کے ذریعے نیوزی لینڈ بھیجے جانے والے پارسل سے 970 گرام آئس برآمد کی گئی ۔لاہور ایئرپورٹ پر کوریئر آفس سے برطانیہ بھیجے جانے والے پارسل سے لیڈیز بیگ میں چھپائی گئی 199 گرام ہیروئن برآمد کی گئی ۔چمن کے غیر آباد علاقے میں چھپائی گئی 500 کلو گرام چرس برآمد کی گئی ۔چونیاں بائی پاس قصور میں فیکٹری کے قریب گاڑی سے 80.4 کلو چرس اور 45.6 کلو افیون برآمدکر کے ایک ملزم گرفتارکیاگیا۔کچلاک بائی پاس کوئٹہ کے قریب سے 38 کلو گرام ہیروئن برآمد کی گئی ۔
شامکوٹ موٹر وے ٹول پلازہ خانیوال کے قریب گاڑی کے خفیہ خانوں سے 36 کلوگرام چرس برآمدکرکے 2 ملزمان گرفتار کیے گئے ۔درہ آدم خیل کوہاٹ سے 6 کلوگرام چرس برآمد کی گئی ۔مانسہرہ میں کے کے ایچ روڈ کے قریب گاڑی سے 1.8 کلو گرام چرس برآمدکرکے 2 ملزمان گرفتار کیے گئے ۔جی ٹی روڈ راولپنڈی میں ملزم سے 950 گرام آئس برآمد کی گئی ۔ترجمان نے بتایاکہ گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔