راولپنڈی۔6جنوری (اے پی پی):اینٹی نارکاٹکس فورس (اے این ایف)نے تعلیمی اداروں کے گردونواح اور ملک کے مختلف شہروں میں منشیات سمگلنگ کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران 10 کارروائیوں میں 9 ملزمان گرفتار کر لیے۔ اے این ایف ہیڈکوارٹر راولپنڈی سے جاری چوبیس گھنٹوں کی رپورٹ کے مطابق تازہ کارروائیوں میں 22 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی 1231 کلوگرام منشیات برآمد کی گئیں۔ ترجمان نے بتایا کہ مین کورنگی روڈ کراچی کے قریب موٹرسائیکل سوار کے قبضے سے 250 گرام ہیروئن برآمد کی گئی،گرفتار ملزم نے تعلیمی اداروں کے طلبہ کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف بھی کیا ۔دیگر کارروائیوں میں لاہور انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بحرین جانے والے مسافر کے پیٹ سے 40 ہیروئن بھرے کیپسول برآمد کیے گئے۔
لاہور ایئرپورٹ کے ذریعے جدہ جانے والے مسافر کے پیٹ سے 64 آئس بھرے کیپسولز برآمد کیے گئے۔بلوچستان میں پشین کے دو مختلف علاقوں سے 1208 کلو گرام چرس برآمد کی گئی۔ایم ون انٹرچینج اسلام آباد کے قریب گاڑی کے خفیہ خانوں سے 8.4 کلو گرام چرس برآمد کر کے ایک ملزم گرفتار کیا گیا۔ڈسکہ چوک سیالکوٹ کے قریب ملزم کے بیگ میں چھپائی گئی 3 کلو گرام ہیروئن، 2 کلوگرام آئس اور 1.2 کلوگرام چرس برآمد کی گئی ۔
سرگودھا موڑ میانوالی کے قریب دو ملزمان کے قبضے سے 4.8 کلوگرام چرس برآمد کی گئی۔کامونکی ٹول پلازہ گوجرانوالہ کے قریب ٹرک کے خفیہ خانوں میں چھپائی گئی 2.5 کلو گرام ہیروئن برآمد کر کے ایک ملزم گرفتار کیا گیا۔ برہان ٹول پلازہ اٹک کے قریب ایک شخص کے قبضے سے 700 گرام چرس برآمد کی گئی۔ ترجمان نے بتایا کہ گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔