راولپنڈی۔6مارچ (اے پی پی):اے این ایف نے تعلیمی اداروں اور ملک کے مختلف شہروں میں منشیات سمگلنگ کے خلاف جاری کریک ڈائون کے دوران 7 کارروائیوں میں نائیجیرین باشندے اور خاتون سمیت 8 ملزمان گرفتار کر لئے ۔
اے این ایف ہیڈکوارٹر راولپنڈی سے جاری گزشتہ 24گھنٹوں کی انسداد منشیات کارروائیوں کی تفصیلات کے مطابق تازہ کارروائیوں میں 3 کروڑ 81 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 406.98 کلو گرام منشیات برآمد کی گئیں ۔مانسہرہ میں کالج کے قریب ملزم کے قبضے سے 450 گرام چرس برآمد کی گئی ۔
ترجمان نے بتایاکہ گرفتار ملزم نے تعلیمی اداروں کے طلباءکو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف بھی کیا ہے۔لاہور ایئرپورٹ پر بحرین سے آنے والے نائجیرین باشندے کے پیٹ سے 35 کوکین بھرے کیپسولز برآمد کئے گئے۔بلوچستان میں پشین کے غیر آباد علاقے سے 360 کلو گرام چرس برآمد کی گئی۔
مصری بانڈہ روڈ پشاور کے قریب گاڑی کے خفیہ خانوں سے 21.6 کلو گرام چرس برآمدکرکے 2 ملزمان گرفتار کئے گئے ۔ایم ون موٹر وے اسلام آباد کے قریب خاتون سے 4.8 کلو گرام افیون اور 7.2 کلوگرام چرس برآمد کی گئی ۔ایم ون موٹر وے اسلام آباد پر دوسری کارروائی میں گاڑی میں چھپائی گئی 8.4 کلو چرس برآمد کرکے 2 ملزمان گرفتار کر لئے ۔
ایم ون موٹر وے اسلام آباد پر ایک اور کارروائی کے دوران مسافر بس میں سوار ملزم سے 2.4 کلو گرام چرس برآمد کی گئی ۔ ترجمان نے بتایاکہ گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=569507