اسلام آباد۔2جولائی (اے پی پی):اینٹی نارکوٹکس فورس( اے این ایف) نے ملک کے مختلف شہروں میں منشیات سمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 6 کارروائیوں کے دوران 16 کروڑ 28 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 255.020 کلو گرام منشیات برآمدکرکے 8 ملزمان کوگرفتار کرلیا۔ بدھ کو ترجمان اے این ایف کے مطابق کراچی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بحرین جانے والے مسافر کے سامان سے 8.350 کلو آئس برآمدکی گئی۔
اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بحرین جانیوالے مسافر کے ٹرالی بیگ سے 520 گرام ہیروئن اور 550 گرام آئس برآمد کرلی۔اقبال شہید ٹول پلازہ جی ٹی روڈ اٹک کے قریب ٹرک سے 14 کلو گرام چرس برآمد، 3 ملزمان گرفتارکرلئے۔فیض آباد اسلام آباد کے قریب موٹر سائیکل سوار 2 ملزمان سے 3.6 کلو چرس برآمدکی گئی۔
الآصف سکوائر، سہراب گوٹھ، کراچی کے قریب ملزم کے قبضے سے 2 کلو چرس برآمدکی گئی۔چمن کے علاقے کلی دامن کے قریب سمگلنگ کے لئے چھپائی گئی 226 کلو مارفین برآمدکی گئی۔ترجمان نے بتایا کہ گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔