اسلام آباد۔9اگست (اے پی پی):اینٹی نارکاٹکس فورس (اے این ایف )نے تعلیمی اداروں کے اطراف اور ملک کے مختلف شہروں میں منشیات سمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 77 لاکھ 20 ہزار روپے سے زائد مالیت کی1776 کلوگرام منشیات برآمد کرکے ایک نائیجیرین باشندے سمیت 8 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ترجمان اے این ایف کی جانب سے ہفتے کو جاری بیان کے مطابق تعلیمی اداروں میں کارروائیوں میں گولڑہ موڑ اسلام آباد کے قریب موٹر سائیکل سوار ملزم سے ایک کلو چرس برآمد کرلی۔
منڈی موڑ راولپنڈی کے قریب مسافر وین میں سوار 2 ملزمان سے 50 ایکسٹیسی گولیاں برآمد کرلیں۔کاک ُپل اسلام آباد کے قریب غیر ملکی نائجیرین باشندے سے 35 گرام آئس اور 2 گرام کوکین برآمد کرلی۔گرفتار ملزمان نےتعلیمی اداروں کے طلبہ کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف کر لیا ۔
دیگر کاروائیوں میں لاہور کے علاقے سرکلر روڈ کے قریب 1675 کلو پوٹاشیم پرمیگنیٹ اور 75 کلو نائٹرازیپم برآمد کرکے 3 ملزمان گرفتار ،آبپارہ اسلام آباد میں واقع کوریئر آفس سے برطانیہ بھیجے جا نے والے پارسل سے 16.420 کلو آئس برآمد اور ٹی چوک اسلام آباد کے قریب گاڑی سے 9 کلو آئس برآمد کرکے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔