راولپنڈی۔13جون (اے پی پی):اینٹی نارکوٹکس فورس نے اسلام آباد ائیرپورٹ سمیت ملک گیر انسداد منشیات کارروائیوں کے دوران بھاری مقدار میں منشیات برآمد کرلی۔اے این ایف ترجمان کے مطابق منگل کواسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اہم کارروائی کرتے ہوئے پرواز نمبر PK-287 کے ذریعے دوحہ جانے والے مسافر سے 187عدد چرس بھرے کیپسولز برآمدکیے گئے ۔چرس کا مجموعی وزن 1کلو 372 گرام ہے۔
برآمدہ چرس ملزم کے ٹرالی بیگ میں موجود الیکٹرک ککر میں چھپائی گئی تھی۔اس موقع پر ضلع کُرم کا رہائشی ملزم گرفتارکیا گیا ۔دریں اثناباڑہ خیبر کے غیر آباد علاقے سے 10 کلو چرس برآمدکی گئی ۔اسی طرح خیبر ضلع جنوبی کے قریب پلاسٹک کے تھیلے سے 2 کلو آئس برآمدکی گئی۔ایک الگ کارروائی میں شیر شاہ ٹول پلازہ ملتان کے قریب مسافر بس میں موجود دو مسافروں سے 12کلو چرس برآمدکی گئی اورقلع سیف اللہ کی رہائشی خاتون سمیت دو ملزم گرفتارکیے گئے۔
سیالکوٹ میں واقع نجی کوریئر آفس میں پارسل سے 10کلو 60 گرام مشکوک مواد برآمدکیا گیا ۔یہ منشیات 4عدد جائے نمازوں میں چھپائی گئی تھی۔ مذکورہ پارسل آسٹریلیا بھیجا جانا تھا۔گلستان کالونی فیصل آباد کے قریب 2 گاڑیوں کی ڈگی میں چھپائی گئی 201کلو 600 گرام چرس برآمدکرکےمردان اور پشاور کے رہائشی 3 ملزمان گرفتارکیے گئے ۔دالبندین کے غیر آباد علاقے میں پتھروں کے نیچے چھپائی گئی 30 کلو افیون برآمدکی گئی ۔
پاک افغان بارڈر چمن میں ایک لاوارث پارسل سے 2 کلو چرس برآمدکی گئی۔ترجمان اے این ایف نے بتایا کہ تمام ملزمان کے خلاف انسدادِمنشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔