اے این ایف کی انسداد منشیات کارروائیاں،91 کلوگرام منشیات برآمد، 10 ملزمان گرفتار

78
ANF
ANF

راولپنڈی۔7اگست (اے پی پی):اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف)نے7 انسداد منشیات کارروائیوں کے دوران 91 کلوگرام منشیات برآمدکر کے10 ملزمان گرفتارکرلیے۔اے این ایف ترجمان کے مطابق سنگ جانی ٹول پلازہ اسلام آباد کے قریب رکشہ سے 15 کلو 600 گرام چرس برآمدکی گئی۔دوران کارروائی مردان کا رہائشی ملزم گرفتارکیا گیا ۔ موٹروے ٹول پلازہ اسلام آباد کے قریب ملزم سے ایک کلو گرام آئس برآمدکی گئی ۔اس موقع پر لنڈی کوتل کے رہائشی ملزم کو مسافر بس سے گرفتار کیا گیا۔

گل احمد کالونی کراچی میں سندھ رینجرز اور اے این ایف کی چھاپہ مار کارروائی کے دوران گھر سے 39 کلو 300 گرام چرس اور 12 کلو 700 گرام افیون برآمد کی گئی اورصوابی کے رہائشی 2 ملزمان گرفتارکیے گئے۔ناردرن بائی پاس کراچی کے قریب بس سے 10 کلوگرام ہیروئن برآمدکی گئی ۔

برآمد شدہ ہیروئین کو بس کی چھت میں خفیہ خانہ بنا کر سمگل کیا جا رہا تھا۔دوران کارروائی تربت کے رہائشی دو ملزمان گرفتارکیے گئے۔علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور پر مسافر کے پیٹ سے 49 ہیروئن بھرے کیپسول برآمدکیے گئے۔ساہیوال کا رہائشی ملزم بذریعہ پرواز نمبر QR-609 مالی کیلئے روانہ ہو رہا تھا۔ پشاور ایئرپورٹ پر ہنگو کے رہائشی مسافر کے پیٹ سے 35 آئس بھرے کیپسول برآمدکیے گئے۔

ملزم پرواز نمبر PK-285 کے ذریعے دوحہ کیلئے روانہ ہو رہا تھا۔رنگ روڈ پشاور پرمہران کار کے فیول ٹینک سے 12 کلوگرام چرس برآمدکی گئی۔دوران کارروائی سوات اور چارسدہ کے رہائشی دو ملزمان گرفتارکیے گئے ۔ترجمان اے این ایف نے بتایا کہ گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔