راولپنڈی۔16دسمبر (اے پی پی):اینٹی نارکوٹکس فورس(اے این ایف)نے تعلیمی اداروں میں منشیات سمگلنگ کے خلاف خفیہ اطلاع پراسلام آباد میں کامیاب کارروائی کے دوران 6نائیجیرین باشندے گرفتار کر لیے گئے ۔
اے این ایف ہیڈکوارٹر راولپنڈی سے جاری گزشتہ 24 گھنٹوں کی انسداد منشیات کارروائیوں کی تفصیلات کے مطابق تازہ کارروائی میں مجموعی طور پر 6نائیجیرین باشندوں کو گرفتار کیا گیا ۔
تفتیش کے دوران ایک ملزم نے اپنے دیگر غیر ملکی ساتھیوں کے ملوث ہونے کا بھی انکشاف کیا،جنھیں بعد ازاں دیگر پانچ نائیجیرین باشندوں کو سیکٹر جی 13 میں واقع ہوٹل کے قریب کارروائی کے دوران گرفتار کیا گیا۔
ملزمان کے فلیٹ پر بھی چھاپہ مارا گیا، فلیٹ کی تلاشی کے دوران 135 گرام کوکین اور 3.2 کلو گرام آئس بھی قبضے میں لے لی گئی۔
ملزمان ہاسٹل اور تعلیمی اداروں میں طلبا کو منشیات سپلائی کرتے تھے۔ اے این ایف ترجمان نے بتایاکہ رواں سال پاکستان میں منشیات سمگل میں گرفتار غیر ملکی شہریوں کی بڑی تعداد افریقی ممالک سے ہے۔
منشیات سمگلر غیر قانونی منشیات کی سمگلنگ کے لیے نت نئے اور خطرناک طریقے اپناتے رہتے ہیں جس سے معاشرے کو شدید خطرہ لاحق ہے۔
تعلیمی اداروں میں منشیات سمگلنگ کے خلاف اے این ایف کی کاروائیاں جاری رہیں گی۔ترجمان اے این ایف ملزمان کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر کے مزید تحقیقات آغاز کر دیا گیا ہے۔