اسلام آباد۔14ستمبر (اے پی پی):اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف ) نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران منشیات اسمگلنگ کے خلاف 8کاروائیوں میں 2 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی 28 کلوگرام منشیات برآمد کرکے 6 ملزمان کوگرفتار کر لیا۔
ہفتہ کوترجمان اے این ایف کی جانب سے جاری بیان کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اے این ایف کا منشیات اسمگلنگ کے خلاف کاروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ترجمان کے مطابق اے این ایف نے8 کاروائیوں میں 2 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی 28 کلوگرام منشیات برآمد کر لی اور6 ملزمان کوگرفتار کر لیا۔ ترجمان کے مطابق اے این ایف نے تعلیمی اداروں میں بھی کارروائیاں کیں۔ پشاور میں یونیورسٹی کے قریب کار سوار ملزم کے قبضے سے 115 گرام چرس برآمد کر لی،سہراب گوٹھ کراچی میں ملزم سے 570 عدد ایکسٹیسی گولیاں برآمد کی ،کوئٹہ میں یونیورسٹی کے قریب ملزم سے 4 کلوگرام آئس برآمد کی گئی ،گرفتار ملزمان نےتعلیمی اداروں کے طلباء کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف کیا۔
دیگر کارروائیوں میں قراقرم ہائی وے مانسہرہ پر دوران تلاشی گاڑی سے 3.6 کلو گرام چرس برآمد کرکےملزم کوگرفتار کیا،مارگلہ روڈ اسلام آباد پر موٹر سائیکل سوار ملزم کے بیگ سے 8.4 کلو گرام چرس برآمد ہوئی ،ڈی جی خان میں ٹانمی موڑ کے قریب ملزم سے ایک کلوگرام آئس برآمد،جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی پر کوریئر آفس میں بحرین بھیجے جانے والے پارسل سے 400 گرام آئس جبکہ چاغی میں پاک افغان سرحد کے قریب غیر آباد علاقے میں چھپائی گئی 10.2 کلو گرام ہیروئن برآمد کی گئی ۔ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔