اے این ایف کی منشیات اسمگلنگ کے خلاف کارروائیاں، 6 ملزمان گرفتار، 10 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی منشیات برآمد

95

اسلام آباد۔1مارچ (اے پی پی):انسداد منشیات فورس (اے این ایف) کی تعلیمی اداروں اور ملک کے مختلف شہروں میں منشیات سمگلنگ کے خلاف 7 مختلف کارروائیوں میں 6 ملزمان گرفتار، 10 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی منشیات برآمد کر لی گئیں۔ ترجمان اے این ایف کے مطابق اے این ایف کی ٹیموں کی طرف سے ملک بھر میں کریک ڈائون جاری ہے ، ایک کارروائی کے دوران رنگ روڈ پشاور کے قریب ملزم کے بیگ سے 2 کلو چرس برآمد کر لی گئی جبکہ ایک اور واقعہ میں اسلام آباد میں ہوٹل کے قریب ملزم کے قبضے سے 1.8 کلو چرس برآمد ہوئی ۔

ترجمان نے کہا کہ اٹک میں یونیورسٹی کے قریب ملزم سے 840 گرام چرس برآمد کی گئی اور گرفتار ملزمان نے تعلیمی اداروں کے طلبا کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف کیا ہے۔

ترجمان کے مطابق دیگر کاروائیوں میں کچلاک بائی پاس روڈ کوئٹہ کے قریب سمگلنگ کے لئے چھپائی گئی 58 کلو ہیروئن برآمد کی گئی، ایم ون موٹر وے اسلام آباد کے قریب کار کے خفیہ خانوں میں چھپائی گئی 4.8 کلو چرس، 1 عدد پستول بمعہ 8 راؤنڈ برآمد کر کے ملزم گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ ایم ون موٹر وے اسلام آباد پر دوسری کاروائی میں ملزم سے 1.2 کلو چرس برآمد کی گئی، ڈیرہ اسماعیل خان میں بائی پاس روڈ کے قریب ملزم سے 1 کلو آئس برآمد ہو ئی ہے۔

ترجمان نے کہا کہ مجموعی طور پر ان کارروائیوں میں 10 کروڑ سے زائد مالیت کی 69.640 کلو گرام منشیات برآمدکی گئی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔