راولپنڈی ۔1دسمبر (اے پی پی):اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے منشیات سمگلنگ کے خلاف 13 کارروائیوں کے دوران 142 کلو گرام منشیات برآمد کر کے 16 ملزمان کو گرفتارکر لیا۔
اے این ایف ترجمان کے مطابق اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر مسافر کے سامان سے 474 گرام آئس برآمدکی گئی، پشاور کا رہائشی مُلزم پرواز نمبر PA-270 کے ذریعے جدہ کے لئے روانہ ہو رہا تھا۔علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پرواز نمبر QR-0621 سے قطر جانے والا مسافر گرفتارکیا گیا، سرگودھا کے رہائشی ملزم کے ٹرالی بیگ سے 940 گرام آئس برآمدکی گئی ہے ۔
علامہ اقبال ایئرپورٹ پر دوسری کارروائی میں مسافر کے ٹرالی بیگ سے 950 گرام آئس برآمدکی گئی، قصور کا رہائشی مُلزم پرواز نمبر GF-765 کے ذریعے بحرین کے لئے روانہ ہو رہا تھا۔فیصل آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر مسافر کے جوتوں میں چھپائی گئی 842 گرام ہیروئن برآمدکی گئی،مظفر گڑھ کا رہائشی مُلزم پرواز نمبر FZ-392 کے ذریعے سعودی عرب کے لئے روانہ ہو رہا تھا۔ریلوے سٹیشن لاہور کے قریب واقع کارگو سروسز آفس میں دورانِ کارروائی 3 کلو ہیروئن برآمدکی گئی۔
راولپنڈی میں واقع کوریئر آفس میں آسٹریلیا کے لئے بُک کئے گئے پارسل سے 5 کلو آئس برآمدکی گئی ۔فیض آباد، اسلام آباد پر ایبٹ آباد کے رہائشی ملزم کے سامان میں چھپائی گئی 3 کلو آئس برآمدکی گئی۔26 نمبر چونگی اسلام آباد کے قریب ملزم سے 1 کلو کوکین برآمدکی گئی۔چونگی امر سادھو لاہور کے قریب موٹر سائیکل سوار کے قبضے سے 100 عدد نشہ آور (ایکسٹیسی)گولیاں برآمدکی گئیں۔سدھاربائی پاس فیصل آباد کے قریب ٹرک سے 97 کلو 200 گرام چرس برآمد کر کے دو ملزمان کو گرفتارکر لیا گیا ہے ۔
ستیانہ روڈ فیصل آباد کے قریب گاڑی سے 6 کلو ہیروئن اور 1 کلو آئس برآمد کر کے دو ملزمان گرفتارکیے گئے۔گوجرانولہ کے محلہ بختے والا میں گھر پر چھاپے کے دوران 13 کلو 200 گرام افیون اور 6 کلو چرس برآمدکر کے دو ملزمان کو گرفتارکیا گیا ہے۔کامل پور انٹرچینج، سرگودھا کے قریب گاڑی سے 3 کلو ہیروئن برآمدکرکے تین ملزمان گرفتارکیے گئے۔ترجمان نے بتایا کہ گرفتار ملزمان کے خلاف انسدادِمنشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔