اسلام آباد۔25دسمبر (اے پی پی):اینٹی نارکوٹکس فورس نے منشیات سمگلنگ کے خلاف ملک کے مختلف شہروں میں 6 کارروائیوں کے دوران 1 کروڑ سے زائد مالیت کی 115.506 کلو گرام منشیات برآمد کر کے 6 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق 24 گھنٹوں میں انسداد منشیات کارروائیوں کے دوران اسلام آباد میں ریڈ سن کیپٹل سکوائر B 17 کے قریب دو مختلف کارروائیوں کے دوران دو گاڑیوں میں چھپائی گئی 14.4 کلو افیون ، 70.8 کلو چرس اور 12 کلو آئس برآمد کر کے دو ملزمان گرفتارکیے گئے۔
کالا شاہ کاکو انٹرچینج لاہور کے قریب گاڑی سے 12 کلو چرس برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔ اسی طرح کراچی میں کوریئر آفس میں پشاور سے بھیجے گئے پارسل سے 10 نشہ آور گولیاں،اسلام آباد میں بس سٹاپ کے قریب ملزم کے قبضے سے 6 کلو چرس اور سری نگر ہائی وے اسلام آباد کے قریب ملزم سے 302 گرام آئس برآمد کی گئی۔گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔