اے این ایف کی پاسنگ آئوٹ پریڈ کاانعقاد، 87600 درخواست دہندگان میں سے منتخب 16 خواتین سمیت 129 ٹرینیز کے بیچ کی تربیت مکمل

104
ANF
ANF

راولپنڈی۔25اگست (اے پی پی):اے این ایف کی پاسنگ آئوٹ پریڈ کی تقریب گذشتہ روز منعقد ہوئی۔تقریب کے مہمان خصوصی ڈی جی اے این ایف میجر جنرل محمد انیق الرحمان ملک ہلال امتیاز (ملٹری )تھے۔اے این ایف ہیڈکوارٹر راولپنڈی سے جاری بیان کے مطابق 16 خواتین سمیت 129 ٹرینیز کے بیچ نے 28 ہفتوں پر محیط ٹریننگ مکمل کی۔تربیت مکمل کرکے پاس آئوٹ ہونے والوں کا انتخاب میرٹ پر 87600 درخواست دہندگان میں سے کیاگیا۔ڈائریکٹر جنرل اے این ایف میجر جنرل انیق الرحمان ملک نے پریڈ کا معائنہ کیا۔

پاسنگ آئوٹ پریڈ کی تقریب میں ڈپٹی ڈی جی اے این ایف ڈاکٹر سہیل حبیب تاجک، آئی جی اسلام آباد اکبر ناصر خان بھی شریک تھے۔تقریب میں اے این ایف کے سینئر افسران کے علاوہ غیر ملکی معززین، دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران بھی شریک ہوئے۔پاسنگ آئوٹ پریڈ میں پاس آئوٹ ہونے والے افسران اور اہلکاروں کے اہل خانہ بھی موجود تھے۔ڈی جی اے این ایف نے پاس آئوٹ ہونے والے افسران اور اہلکاروں کو تربیت مکمل کرنے و پیشہ ورانہ کیریئر کے آغاز پر مبارکباد دی ۔

ڈی جی اے این ایف نے تربیت کے دوران نمایاں کارکردگی پر افسران اور اہلکاروں کو اعزازات سے نوازا۔اے این ایف کے تربیت مکمل کرنے والے جوانوں نے ان آرمڈ بیٹل و مارشل آرٹ کا عملی مظاہرہ بھی کیا۔تقریب میں پاکستان رینجرز پنجاب کے خصوصی ڈرل سکواڈ کی جانب سے اپنے فن کا عملی مظاہرہ پیش کیا گیا۔اے این ایف کے ویجلینس سکواڈ نے موٹر بائیکس پر پاسنگ آئوٹ پریڈ میں خصوصی شرکت کی۔تقریب کے آخر میں آئی جی پی اسلام آباد نے سی ٹی ڈی اسلام آباد کی جانب سے ڈی جی اے این ایف کو قومی پرچم پیش کیا۔