راولپنڈی۔9اگست (اے پی پی):اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے منشیات کے خلاف 6 مختلف کارروائیوں کے دوران 32 کلوگرام سے زائد منشیات برآمد کرکےخاتون سمیت 7 ملزمان کو گرفتارکرلیا۔اے این ایف ترجمان نے کہا کہ اسلام آباد ایئرپورٹ پر مسافر کے سامان میں موجود بیوٹی کریم میں چھپائی گئی 300 گرام ہیروئن برآمدکی گئی اپر دیر کا رہائشی ملزم پرواز نمبر QR-615 کے ذریعے جدہ کے لیے روانہ ہو رہا تھا۔دوسری کارروائی میں اسلام آباد ایئرپورٹ پر ہنگو کے رہائشی میاں بیوی گرفتارکرکے ملزمان کے پیٹ سے مجموعی طور پر 60 آئس بھرے کیپسول برآمدکیے گئے ۔ملزمان بذریعہ پرواز نمبر PK-287 قطر کیلئے روانہ ہو رہے تھے۔پی ڈبلیو ڈی ٹاؤن اسلام آباد میں 2موٹرسائیکل سوار ملزمان سے 350 گرام آئس برآمدکی گئی ۔
راولپنڈی میں واقع کوریئر آفس میں پارسل سے 297 گرام ایم ڈی ایم اے برآمدکی گئی ،مذکورہ پارسل نیدرلینڈ سے کراچی کے لیے بک کروایا گیا تھا۔آر سی ڈی ہائی وے، حب پر موٹرسائیکل سے 10 کلو ہیروئن اور 7 کلو آئس برآمدکی گئی ،دوران کارروائی پنجگور کا رہائشی ملزم گرفتارکیا گیا ۔
مانسہرہ ٹول پلازہ کے قریب ہنڈا کار کے خفیہ خانو سے 14 کلو 400 گرام چرس برآمدکی گئی ۔چارسدہ کا رہائشی ملزم منشیات پشاور سے مانسہرہ سمگل کرنے کی کوشش میں گرفتارکیا گیا ۔ترجمان نے بتایا کہ گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔