راولپنڈی۔12فروری (اے پی پی):اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے تعلیمی اداروں اور ملک کے مختلف شہروں میں منشیات سمگلنگ کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران 3 کارروائیوں میں 2 ملزمان گرفتارکر لیے۔ اے این ایف ہیڈکوارٹر راولپنڈی سے جاری تفصیلات کے مطابق تازہ کارروائیوں میں27 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 26.574 کلو گرام منشیات برآمد کی گئی۔اٹک میں تین میلا چوک کے قریب ملزم کے قبضے سے 174 گرام چرس برآمد کی گئی۔
ترجمان نے بتایا کہ گرفتار ملزم نے طلباکو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف بھی کیا ہے۔کراچی میں کوریئر آفس کے ذریعے نیوزی لینڈ بھیجے جانے والے پارسل سے 2.4 کلو گرام آئس برآمد کی گئی۔بلوچستان میں پشین کے علاقے میں ہوٹل کے قریب رکشہ میں چھپائی گئی 24 کلو گرام چرس برآمد کر کے افغان باشندہ گرفتار کیا گیا۔ ترجمان نے بتایا کہ گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔