راولپنڈی۔15نومبر (اے پی پی):اینٹی نار کوٹکس فورس(اے این ایف )نے 8 کارروائیوں کے دوران 29 کلو گرام منشیات برآمد کر کے 5 ملزمان کو گرفتارکر لیا ۔ اے این ایف کو انٹیلی جنس ذرائع سے بین الاقوامی سمگلنگ کی اطلاع موصول ہوئی جس پر عملہ نےنگرانی شروع کی اورمجموعی طور پر 8 کارروائیوں کے دوران 29 کلو گرام منشیات برآمد کر کے 5 ملزمان کو گرفتارکر لیا ۔
راولپنڈی میں واقع کوریئر آفس میں 2 شیمپو کی بوتلوں میں چھپائی گئی400 گرام آئس برآمدکی گئی ،مذکورہ پارسل راولپنڈی سے بحرین کے لئے بُک کیا گیا تھا۔علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر مسافر کے پیٹ سے 79 ہیروئین بھرے کیپسولز برآمد کئے گئے جنہیں لے کرساہیوال کا رہائشی مُلزم پرواز نمبر GF-676 کے ذریعے بحرین کے لئے روانہ ہو رہا تھا۔علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پرواز نمبر QR-621 کے ذریعے قطر جانے والے بہاولنگر کے رہائشی ملزم کے ٹرالی بیگ سے ایک کلو532گرام آئس برآمدکی گئی جبکہ سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر مسافر کے ٹرالی بیگ میں چھپائی گئی 2 کلو 300 گرام آئس برآمدکی گئی جسے لے کرسرگودھا کا رہائشی مُلزم پرواز نمبر GF-769 کے ذریعے بحرین کے لئے روانہ ہو رہا تھا۔
محمدی چوک حیدرآباد پر سجاول کے رہائشی ملزم سے 10 کلو گرام چرس برآمد کی گئی۔علی مسجد طورخم کے قریب سے ٹرک کے خفیہ خانوں سے 10 کلو گرام ہیروئن برآمدکی گئی جسے غیر ملکی ( افغانی)خیبر سے پنجاب سمگل کر رہا تھا۔زخہ خیل خیبر کے غیر آباد علاقے میں سمگلنگ کے لئے چھپائی گئی 5 کلو چرس برآمدکی گئی۔ترجمان نے بتایا کہ تمام ملزمان کے خلاف انسدادمنشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔