اے این ایف کے انسداد منشیات آپریشنز، 18 کروڑ روپے کی 76.9 کلو گرام منشیات برآمد،افغان باشندے سمیت 5 ملزمان گرفتار

108
arrested
arrested

راولپنڈی۔10ستمبر (اے پی پی):اینٹی نارکاٹکس فورس( اے این ایف)نے منشیات سمگلنگ کے خلاف 5 کارروائیوں میں 18 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی 76.9 کلو گرام منشیات برآمدکرکےافغان باشندے سمیت 5 ملزمان گرفتارکر لیے ۔اے این ایف ہیڈکوارٹر راولپنڈی سے جاری تفصیلات کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کی انسداد منشیات کارروائیوں میں راولپنڈی میں واقع نجی یونیورسٹی کے قریب ملزم سے 1 کلو 200 گرام چرس برآمدکی گئی ۔

کوئٹہ میں ایک بڑے سرکاری تعلیمی ادارے کے قریب موٹرسائیکل سوار ملزم سے 20 کلوگرام چرس برآمدکی گئی ۔ترجمان نے بتایاکہ گرفتار ملزمان نے تعلیمی اداروں کے طلبہ کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف بھی کیا ہے ۔پاک افغان بارڈر طورخم کے قریب افغان باشندے سے نشہ آور گولیوں میں استعمال ہونے والا 8 کلوگرام پاؤڈر برآمدکیا گیا۔

جامشورو ٹول پلازہ کے قریب گاڑی سے 10 کلو 700 گرام ہیروئن برآمدکرکے 2 ملزمان گرفتارکیے گئے ۔لورالائی کے غیرآباد علاقے میں سمگلنگ کے لئے چھپائی گئی 30 کلوگرام سے زائد ہیروئن برآمدکی گئی ۔گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔