اے این ایف کے تعلیمی اداروں کے گردونواح اور ملک کے مختلف شہروں میں منشیات سمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن جاری، 6 کارروائیوں میں 5 ملزمان گرفتار

91

راولپنڈی۔31جنوری (اے پی پی):اے این ایف نے تعلیمی اداروں کے گردونواح اور ملک کے مختلف شہروں میں منشیات سمگلنگ کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران 6 کارروائیوں میں 5 ملزمان گرفتار کر لیے۔ اے این ایف ہیڈکوارٹر راولپنڈی سے جاری گزشتہ چوبیس گھنٹوں کی انسداد منشیات کارروائیوں کی تفصیلات کے مطابق تازہ کارروائیوں میں 39 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 23.95 کلو گرام منشیات برآمد کی گئیں ۔

مانسہرہ میں پنجاب چوک کے قریب ملزم کے قبضے سے 100 گرام چرس اور 10 نشہ آور گولیاں برآمد کی گئیں۔ترجمان نے بتایا کہ گرفتار ملزم نے تعلیمی اداروں کے طلباء کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف کیا ہے۔پشاور انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر دوحہ جانے والے مسافر کے پیٹ سے آئس بھرے 78 عدد کیپسولز برآمد کیے گئے۔کراچی میں کوریئر آفس کے ذریعے آسٹریلیا بھیجے جانے والے پارسل سے جینز میں مہارت سے چھپائی گئی 135 گرام آئس برآمد کی گئی۔

نیشنل ہائی وے حیدر آباد کے قریب ٹینکر سے 19.2 کلو گرام چرس برآمد کر کے ایک ملزم گرفتار کیا گیا۔چناب ٹول پلازہ جی ٹی روڈ گجرات کے قریب ملزم کے شولڈر بیگ میں چھپائی گئی 1.5 کلوگرام ہیروئین، 650 گرام آئس اور 200 گرام مشکوک پاوڈر برآمد کیا گیا۔جناح بس ٹرمینل ٹھوکر نیاز بیگ لاہور کے قریب ملزم کے قبضے سے 1.655 کلو گرام آئس برآمد کی گئی۔ ترجمان نے بتایا کہ گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔