اے این ایف کے ملک گیر انسدادمنشیات آپریشنز، اڑھائی کروڑ روپے مالیت کی 168کلوگرام منشیات برآمد، خاتون سمیت 8ملزمان گرفتار

165
ANF ​​operation against drug
ANF

راولپنڈی۔20ستمبر (اے پی پی):اینٹی نارکوٹکس فورس نے منشیات سمگلنگ کے خلاف تازہ کارروائیوں میں اڑھائی کروڑ روپے مالیت کی 168کلوگرام منشیات برآمدکرکے خاتون سمیت 8ملزمان کو گرفتار کرلیا ۔

اے این ایف ہیڈکوارٹر راولپنڈی سے جاری گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں کی گئی انسداد منشیات کارروائیوں کی تفصیلات کے مطابق ملک گیر مجموعی طور پر 10کارروائیوں میں اڑھائی کروڑ روپے مالیت کی منشیات برآمد کی گئیں ۔ایچ الیون اسلام آباد میں یونیورسٹی کے قریب 2 ملزمان سے مجموعی طور پر 700 گرام چرس برآمدکی گئی ۔سیالکوٹ میں یونیورسٹی کے قریب موٹر سائیکل سوار ملزم سے 200 گرام چرس، 200 گرام آئس اور 150 گرام ایکسٹیسی گولیاں برآمدکی گئیں ۔سیالکوٹ میں تعلیمی ادارے کے قریب رکشہ سے 8.4 کلوگرام چرس برآمدکرکے خاتون سمیت 2 ملزمان گرفتارکیے گئے ۔

ملزمان کی نشاندہی پر شیخوپورہ میں واقع گھر سے مزید 10.8 کلو گرام افیون اور 54 کلوگرام چرس برآمدکی گئی ۔ترجمان نے بتایاکہ گرفتار ملزمان نے تعلیمی اداروں کے طلباء کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف کیا ہے ۔پشاور ایئرپورٹ پر دو مختلف کارروائیوں میں بحرین اور دوحہ جانے والے مسافروں سے 2.1 کلوگرام آئس برآمدکی گئی ۔کراچی ایئرپورٹ پر جدہ جانے والے مسافر کے بیگ سے 994 گرام آئس برآمدکی گئی ۔کراچی میں واقع کوریئر آفس میں پشاور سے بھیجے گئے پارسل سے 4.7 کلوگرام چرس برآمدکی گئی ۔پسنی میں کوسٹل لائن کے قریب 60 کلوگرام چرس برآمدکی گئی ۔اے این ایف ترجمان نے بتایاکہ گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔