اسلام آباد ۔ 17 ستمبر (اے پی پی) اکائونٹنٹ جنرل پاکستان ریوینیوز (اے جی پی آر) نے ریٹائر ہونے والے سرکاری ملازمین کے لئے تخمینہ جاتی پنشن سکیم پروگرام کا آغاز کردیا ہے، نئے نظام کے تحت ریٹائر ہونے والے افراد کو تنخواہ کی ادائیگی والے پے رول کے تحت خودکار طریقے سے65 فیصد پنشن پیشگی ادا کر دی جائے گی، ریٹائر ہونے والے افراد کو پنشن کے لئے درکار تمام دستاویزات کو مکمل کرنے کے لئے ایک سال کا عرصہ دیا جائے گا، نئے پروگرام کے تحت ریٹائر ہونے والے سرکاری ملازمین کی شناخت کو آسان بنا دیا گیا ہے اور ایسے ملازمین کے لئے پنشنر شناختی کارڈ جاری کئے جا رہے ہیں۔ نئے پنشن پروگرام کے ضمن میں خصوصی تقریب منگل کو اے جی پی آر کے ہیڈ کوارٹرز میں منعقد ہوئی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی آڈیٹر جنرل آف پاکستان جاوید جہانگیر نے کہا کہ ادارہ جاتی اور ڈھانچہ جاتی اصلاحات کا بنیادی مقصد خدمات کی فراہمی میں بہتری لانا ہے ، اس ضمن میں اے جی پی آر آفس پر بھاری ذمہ داری عائد ہو تی ہے۔ وقت کے ساتھ ساتھ خدمات کے نظام میں بہتری کے حصول کو یقینی بنانا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ خدمات کی فراہمی میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کا کردار اہمیت کا حامل ہے۔ اے جی پی آر کو خدمات کی فراہمی کے نظام میں بہتری کے لئے اپنی استعداد کار اور ادارے کے ملازمین کی مہارت میں بہتری کے اقدامات کرنا ہوں گے۔ اے جی پی آر کے ملازمین کی صلاحیتوں اور مہارت میں اضافہ کے لئے ہماری تربیتی اکیڈمی معاونت کے لئے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ اے جی پی آر کی جانب سے نئے پروگرام کا اجراء خوش آئند ہے ۔ اس پروگرام کے تحت اب ریٹائر ہونے والے ملازمین کو مہینوں تک پنشن کا انتظار نہیں کرنا پڑے گا۔ آڈیٹر جنرل آف پاکستان نے کہا کہ اے جی پی آر کو آن لائن خدمات کی فراہمی پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ حالات کے مطابق اپنے آپ کو تبدیل کرنے والے آگے بڑھ جاتے ہیں۔