اسلام آباد۔24دسمبر (اے پی پی):آڈیٹرجنرل آف پاکستان محمد اجمل گوندل نے کہاہے کہ اے جی پی آر کامحکمہ شفافیت پریقین رکھتاہے اوراس مقصدکے حصول کیلئے استعدادکارمیں بہتری اورنئی ٹیکنالوجیز کے استعمال کے حوالہ سے مسلسل کوششیں کی جارہی ہے۔ انہوں نے یہ بات جمعہ کویہاں فیڈرل آڈٹ کمپلیکس کے تعیراتی کام کے افتتاح کے موقع پرمنعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
انہوں نے کہاکہ آڈٹ کے نظام میں شفافیت لانے کیلئے کثیرالجہتی اقدامات کئے جارہے ہیں۔انہوں نے منصوبہ کے بلڈرز اورکنٹریکٹرز پرزوردیا کہ وہ کمپلیکس کے تعمیر میں حفاظت اورتعمیراتی مواد کے معیارات پرکوئی سمجھوتہ نہ کرے۔انہوں نے منصوبہ کووقت سے پہلے مکمل کرنے کی ضرورت پربھی زوردیا۔
آڈیٹرجنرل نے کہاکہ کنٹرولرجنرل اکاونٹنس کے آفس کمپلیکس کیلئے شاہراہ دستورپر پلاٹ کی منظوری بھی دی جاچکی ہے جس کاافتتاح جلد ہوگا۔قبل ازیں پراجیکٹ ڈائریکٹرافتخاربابرنے منصوبہ کے حوالہ سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ یہ منصوبہ 30 ماہ کی مدت میں مکمل ہوگا اوراس پر504 ملین روپے کی لاگت آئیگی۔