اے سی سی انڈر 19 ایشیا کپ میں شرکت کیلئے پاکستان کی ٹیم بدھ کو دبئی روانہ ہوگی

207
اے سی سی انڈر 19 ایشیا کپ میں شرکت کیلئے پاکستان کی ٹیم بدھ کو دبئی روانہ ہوگی

لاہور۔5دسمبر (اے پی پی):پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم سعد بیگ کی قیادت میں اے سی سی انڈر 19 ایشیا کپ میں حصہ لینے کے لیے کل بدھ کو کراچی سے دبئی روانہ ہوگی۔ ٹورنامنٹ 8 سے 17 دسمبر تک دبئی میں منعقد ہوگا ۔ سیمی فائنلز تک تمام میچز آئی سی سی اکیڈمی گراؤنڈ میں ہونگے جبکہ فائنل دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ کپتان سعد بیگ کا کہنا ہے کہ ٹیم کا اچھا کامبی نیشن بنا ہوا ہے اور ان کی پوری کوشش ہوگی کہ ٹیم ٹورنامنٹ جیتے۔

فی الحال ہماری مکمل توجہ ایشیا کپ پر مرکوز ہے جس کے بعد ہم ورلڈ کپ کو دیکھیں گے جو جنوبی افریقا میں منعقد ہوگا۔سعد بیگ نے سابق کرکٹر محمد یوسف کی انڈر 19 ٹیم کے ہیڈ کوچ کی حیثیت سے تقرری پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ورلڈ کلاس کرکٹر ہیں اور یہ ہماری خوشی قسمتی ہے کہ وہ اب ہمارے ہیڈکوچ ہیں اور ہمیں ان سے بہت کچھ سیکھنے کو مل رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹیم میں کوئی بڑی تبدیلی نہیں ہوئی ہے اور کم وبیش وہی کھلاڑی ٹیم کا حصہ ہیں جو پچھلے ایک سال سے کھیل رہے ہیں۔اچھے نتیجے کے لیے تینوں شعبوں میں بہترین کارکردگی کی کوشش کریں گے۔ انڈر 19 ایشیا کپ میں پاکستان انڈر 19 ٹیم کو گروپ اے میں بھارت، افغانستان اور نیپال کے ساتھ رکھا گیا ہے۔ پاکستان انڈر 19 ٹیم اپنا پہلا میچ 8 دسمبر کو نیپال کے خلاف کھیلے گی ۔

بھارت کے خلاف اس کا میچ 10 دسمبر کو ہوگا جبکہ افغانستان سے اس کا میچ 12 دسمبر کو ہوگا ٹورنامنٹ کے دونوں سیمی فائنلز 15 دسمبر کو ہونگے جبکہ فائنل 17 دسمبر کو کھیلا جائے گا۔ پاکستان کی ٹیم میں سعد بیگ ( کپتان، وکٹ کیپر)، احمد حسین، علی اسفند، عامرحسن، عرفات منہاس ( نائب کپتان )، اذان اویس، خبیب خلیل۔ نجب خان، نوید احمد خان، محمد ریاض اللہ، محمد طیب، محمد ذیشان، شاہ زیب خان، شامل حسین اور عبید شاہ شامل ہیں۔