کوالالمپور۔14دسمبر (اے پی پی):اے سی سی ویمنز انڈر 19 ایشیا کپ کا آغاز کل اتوار سے ملائیشیا میں ہو گا،پاکستانی ٹیم ابتدائی میچ میں روایتی حریف بھارت کے خلاف بیوماس کرکٹ اوول میں مدمقابل ہو گی۔ پاکستان کو گروپ اے میں بھارت اور نیپال جبکہ گروپ بی میں بنگلہ دیش، ملائیشیا اور سری لنکا کو رکھا گیا ہے۔ زوفشان ایاز کی قیادت میں پاکستانی ٹیم ٹورنامنٹ کا اپنا دوسرا میچ پیر 16 دسمبر کو نیپال کے خلاف کھیلے گی، چھ ٹیموں پر مشتمل یہ ٹورنامنٹ ٹی۔ 20 فارمیٹ میں کھیلا جائے گا جس میں ہر گروپ کی ٹاپ دو ٹیمیں سپر فور مرحلے میں پہنچیں گی۔ سپر فور مرحلے کے میچز 19 اور20 دسمبر کو کھیلے جائیں گے جبکہ ٹورنامنٹ کا فائنل 22 دسمبر کو ہوگا۔
ٹورنامنٹ کے فارمیٹ کے مطابق پانچویں اور چھٹی پوزیشن اور تیسری اور چوتھی پوزیشن کے لیے بالترتیب 18 اور 22 دسمبر کو دو اضافی میچز کھیلے جائیں گے۔ ایونٹ کی تیاری کے سلسلے میں پاکستان انڈر 19 ٹیم کیلئے کراچی کے حنیف محمد ہائی پرفارمنس سینٹر میں پانچ روزہ کیمپ لگایا گیاتھا جس میں کھلاڑیوں نے ہیڈ کوچ محسن کمال کی زیر قیادت سپورٹ اسٹاف کی نگرانی میں ٹریننگ سیشنز، اسکلز اور فٹنس ڈرلز اور پریکٹس میچز میں حصہ لیا۔ٹورنامنٹ سے قبل زو فشاںایاز نے کہا کہ ملائیشیا پہنچنے سے قبل ہمارے اچھے ٹریننگ سیشن ہوئے ہیں اور کھلاڑی ٹورنامنٹ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی منتظر ہیں۔
سکواڈ میں زوفشان ایاز(کپتان)، کومل خان(نائب کپتان)، علیسا مختیار(مظفر گڑھ)، اریشہ انصاری(قصور)، فاطمہ خان(لاہور)، فضہ فیاض(لاہور)، ہانیہ احمر(کراچی)، ماہم انیس(اسلام آباد)، ماہ نور زیب(مردان)، قرة العین (سیالکوٹ)، راویل فرحان (لاہور)، روزینہ اکرم (راولپنڈی)، شہر بانو(لودھراں)، طیبہ امداد(ایبٹ آباد) اور واصفہ حسین (کراچی) شامل ہیں۔کھلاڑیوں کے معاون عملہ میں عائشہ جلیل(منیجر)، محسن کمال(ہیڈ کوچ)، محمد حنیف ملک(اسسٹنٹ کوچ)، ناہیدہ خان(فیلڈنگ کوچ)، محمد عثمان شاہد(تجزیہ کار)، رابعہ صدیق (فزیوتھراپسٹ)، محمد رفیع اللہ(میڈیا اور ڈیجیٹل منیجر) شامل ہیں۔
ٹورنامنٹ میں پاکستان کے میچزکوالالمپور کے وقت کے مطابق15 دسمبر بمقابلہ بھارت (دوپہر 2 بجے)، ) 16 دسمبر بمقابلہ نیپال(دوپہر 2 بجے)،) 18 دسمبر پانچویں /چھٹی پوزیشن کا پلے آف (دوپہر 2 بجے)، 19 دسمبر اے 1 بمقابلہ بی 1 صبح 9.30 بجے ۔ اے 2 بمقابلہ بی 2 دوپہر2 بجے، ) 20 دسمبر اے 1 بمقابلہ بی 2 صبح 9.30 بجے، ؛ اے 2 بمقابلہ بی 1 دوپہر 2 بجے، 22 دسمبر تیسری / چوتھی پوزیشن پلے آف صبح 9.30 بجے، فائنل دوپہر 2 بجے کھیلے جائیں گے۔