اسلام آباد۔7مئی (اے پی پی):آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی( اے پی این ایس)نے پاکستانی سرزمین پر بھارتی میزائل حملے کی شدید مذمت کر تے ہوئے وطن کی آزادی اور خود مختاری کو در پیش تمام خطرات سے نمٹنے کے لئے ریاست پاکستان اور مسلح افواج کی مکمل حمایت کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی کے صدر سرمد علی نے ایک بیان میں کہا کہ بھارت کی جانب سے پاکستان کی سرزمین پر حملہ خطے کے امن و خوشحالی کیلئے تباہ کن ہوگا اور اس سے خطے کے عوام اور معیشت کو غیر معمولی نقصان پہنچے گا۔ انہوں نے جنگی جنون میں مبتلا بھارتی لیڈروں پر زور دیا کہ وہ خطے کو عدم استحکام سے دو چار کرنے کی کوششوں سے باز آجائیں۔
سرمد علی نے قوم کو یقین دلایا کہ پاکستان میں پرنٹ میڈ یا مستند خبروں اور معروضی تجزیوں کی ترسیل میں مثبت اور فعال کردار ادا کرے گا تا کہ عوام کو باخبر رکھا جاسکے ۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ بھارتی میڈیا بالعموم ہندو توا پر بنی انتہا پسند نظریے پر کار بند بی جے پی حکومت کے اشاروں پر چل رہا ہے اور جعلی خبروں اور جنگی جنون کو ہوا دے رہا ہے جو کہ معروضی صحافت کے برخلاف ہے۔
اے پی این ایس کے صدر نے مسلح افواج اور حکومت پاکستان کو پرنٹ میڈیا کی جانب سے بھارتی حکومت کی جارحیت اور دھمکیوں کے خلاف وطن کے دفاع کے لئے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=593909