اسلام آباد ۔18اگست (اے پی پی):قومی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان ( اے پی پی) اور ایرانی خبر رساں ادارے اسلامک ریپبلک نیوز ایجنسی (ارنا) نے دونوں ممالک کے درمیان میڈیا کے شعبہ میں تعاون کے فروغ کے بارے مفاہمت کی یاداشت پر دستخط کر دیئے۔
اے پی پی کے مینجنگ ڈائریکٹر اختر منیر اور پاکستان میں ایران کے سفیر محمد علی حسینی نے جمعرات کو یہاں منعقدہ تقریب میں اپنے اپنے ملک کے قومی خبر رساں اداروں کی جانب سے مفاہمت کی یاداشت پر دستخط کئے ۔
وفاقی وزیر تجارت سید نوید قمر اور دورہ پر موجود ایرانی وزیر شاہرات و شہری ترقی رستم قاسمی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ مفاہمت کی یادداشت کے تحت دونوں خبر رساں ادارے خبروں ،ویڈیوز اور تصاویرکے تبادلہ کے علاوہ ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کے لئے اپنے سٹاف کی باہمی پیشہ وارانہ تربیت کا اہتمام بھی کریں گے ۔